لاہور کے نواحی علاقے چوہنگ میں 3 بھائیوں سمیت 5 افراد کو اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل کرنے کے مقدمہ میں نامزد مبینہ مرکزی ملزم کو پولیس نے ڈیرہ غازی خان سے گرفتار کر لیا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز سید علی رضا نے اس حوالے سے بتایا کہ ملزم نے مقتولین اور ملزمان میں اراضی کا ایک ہی دادا سے بٹوارا شروع ہوا ، واقعہ کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کرلی گئی ہے۔
مزید پڑھیں
واضح رہے ہفتہ کے روز تھانہ چوہنگ کی حدود میں اراضی کے تنازع پر 2 ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر 3 سگے بھائیوں سمیت 5 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا، واقعہ میں 5 سالہ بچہ بھی زخمی ہوا تھا۔
واقعہ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے تھے، دل دہلا دینے والی واردات میں قتل ہونے والوں میں 3 بھائی،ایک کزن اور ایک ملازم شامل ہیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلیٰ افسران بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جبکہ فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کیے۔
پولیس نے مقتول شہزاد کی بیوہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا، مقدمہ میں دہشت گردی، قتل اور اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی تھیں، ایف آئی آر میں غلام صابر اور مبشر طفیل کو نامزد کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق مقتولین میں حافظ محمد مرتضیٰ، غلام مصطفیٰ، ملک شہزاد، ملک خادم حسین اور فہد شامل ہیں۔
یاد رہے نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے 5 افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری اور ورثا کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔