لاہور میں معمولی تنازع پر میڈیکل کی طالبہ کا لرزہ خیز قتل، وزیراعلیٰ نے رپورٹ طلب کر لی

اتوار 26 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور کے علاقے چوہنگ میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں قتل کا لرزہ خیز واقعہ پیش آیا جس میں میڈیکل کالج کی طالبہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔

پولیس کے مطابق کم عمر ڈرائیور نے غلط گاڑی چلاتے ہوئے دوسری گاڑی کو ٹکر ماری، جھگڑے کے دوران لڑکے کے ماموں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں طالبہ شدید زخمی ہو گئی اور 7 روز تک زیر علاج رہنے کے بعد چل بسی۔

ملزمان کے خلاف درج مقدمے کے مطابق چوہنگ میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کم عمر لڑکے کی جانب سے غلط ڈرائیونگ (زگ زیگ گاڑی چلانے) سے منع کرنے پرجھگڑا ہوا۔ کم عمر ڈرائیور عبدالرحمان نے اپنے ماموں اور دیگر افراد کو بلا لیا جہنوں نے کار پر فائرنگ کر دی۔

ایف آئی آر کے مطابق گولی لگنے سے میڈیکل کالج کی طالبہ شدید زخمی ہونے کے بعد اسپتال میں دم توڑ گئی، پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے پستول برآمد کرلیا جبکہ 3 ملزمان تاحال پولیس کی گرفت سے آزاد ہیں جن کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

مقتولہ کے اہل خانہ نے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے خط لکھ دیا ہے، خط کے متن کے مطابق ملزمان بااثر ہیں اور صلح کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ میڈیکل کالج کی طالبہ کا خاندان بیٹی کی تعلیم کے لیے سعودی عرب سے لاہور منتقل ہوا تھا۔

اس کیس میں انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن

اِدھر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور نے بتایا ہے کہ ایک کم عمر ڈرائیور نے لاپرواہی کرتے ہوئے اپنی گاڑی ایک کلٹس سے ٹکرا دی اور فوراً ہی اپنے ماموں کو موقع پر بلا لیا۔

انہوں نے کہاکہ عبدالرحمان کے ماموں عابد اور دیگر افراد نے موقع پر پہنچ کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں میڈیکل کی طالبہ تہزین خان شدید زخمی ہو گئی اور 7 روز تک اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد چل بسی۔

عمران کشور کے مطابق ابتدائی طور پر سیکشن 324 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی، لیکن اب اس میں ترمیم کر کے لڑکی کی موت کی وجہ سے 302 پی پی سی کو شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ملزم عابد کو گرفتار کر کے حملے میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ دوسرا ملزم عبدالرحمان فی الحال عبوری ضمانت پر ہے لیکن اسے بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ پولیس پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں ہے۔ مقتولہ کے اہل خانہ کو دھمکیوں کا نوٹس لے لیا ہے۔ اس کیس میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا طالبہ کے قتل کا نوٹس، آئی جی سے رپورٹ طلب

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میڈیکل کی طالبہ کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی ہے کہ ملزمان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے اور مرکزی ملزم سمیت مفرور ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

انہوں نے مظلوم خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ اس کیس میں انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے افسوسناک واقعہ ہونے کے بعد پولیس کی جانب سے کی گئی تمام کارروائی کے بارے میں بھی رپورٹ طلب کر لی اور غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کا بھی حکم دیاہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ واقعہ کی جامع تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp