اسرائیلی طیاروں کی غزہ کے پناہ گزین کیمپوں پر وحشیانہ بمباری، 100 سے زیادہ فلسطینی شہید

منگل 31 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیل کے جنگی طیاروں نے غزہ کے جبالیا اور الشاطی پناہ گزین کیمپوں پر وحشیانہ بمباری کرکے 100 سے زیادہ فلسطینیوں کو شہید اور زخمی کردیا۔

الجبالیا پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملہ

غزہ کی اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ 24ویں روز بھی جاری رہا، صیہونی فوج رہائشی عمارتوں اور اسپتالوں کے بعد پناہ گزین کیمپوں کو بھی نشانہ بنانے لگی۔ اسرائیلی طیاروں نے آج غزہ کے جبالیا اور الشاطی پناہ گزین کیمپوں پروحشیانہ بمباری کی جس کے نتیجے میں سینکڑوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔

قریبی انڈونیشین اسپتال کے ڈائریکٹر عاطف الخلوط کے مطابق اسرائیلی حملے میں 50 فلسطینی شہید ہوئے  تاہم انہوں نے کہا کہ ابھی اس حملے میں شہید ہونے والوں کی کل تعداد کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا کیونکہ ابھی ملبے سے لاشیں نکالی جارہی ہیں اور شہدا کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

غزہ میں وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جبالیا پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 50 فلسطینی شہید جبکہ 150 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیل نے اس حملے سے متعلق تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

الشاطی پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملہ

اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے ساحل کے قریب واقع الشاطی پناہ گزین کیمپ پر بھی بمباری کی جس کے نتیجے میں 10 فلسطینی شہید ہوگئے، فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے کیمپ میں ایک گھر کو نشانہ بنایا جس کے باعث کم سے کم 10 افراد شہید ہوئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے جبالیا کیمپ پر6 امریکی ساختہ بم گرائے جس کے نتیجے میں پناہ گزین کیمپ مکمل طور پر تباہ ہوگیا، جبالیا کیمپ کی عمارتوں میں سینکڑوں فلسطینی شہری رہائش پذیر تھے، اسرائیلی حملے کے بعد کئی عمارتیں مکمل طور پر مہندم ہوگئیں اور سینکڑوں افراد ملبے میں اپنے پیاروں کی تلاش میں مصروف ہیں۔

شہدا کی تعداد 8 ہزار سے زیادہ ہوگئی

واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کی 7 اکتوبر سے غزہ پر بمباری جاری ہے، اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں اب تک خواتین اور بچوں سمیت 8 ہزار 525 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ گزشتہ دنوں اسرائیل نے غزہ میں ایک اسپتال پر بمباری کرکے 500 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کر دیا تھا۔

شہید ہونے والوں میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے، حماس

حماس کے رہنما غازی حمد نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ سعودی خبر رساں ادارے کےمطابق ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا غزہ پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 2 لاکھ مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوگئے ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ غزہ پر حملہ اسرائیل کے تاثر کو بہتر بنانے کی کوشش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جھڑپوں کے تمام مقامات پر اسرائیلی افواج کا سامنا ہوا اور دشمن فوج کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

 اسرائیلی کوشش ناکام بنا دی

غازی حمد نے مزید بتایا کہ اسرائیل کی ریاست اور فوج جنگ کے آغاز کے بعد سے کوئی فوجی یا سیاسی کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ، غزہ اسرائیلی زمینی حملے کے خلاف مزاحمت جاری رکھے گا۔ غازی احمد نے کہا اسرائیل کی جانب سے غزہ میں صلاح الدین روڈ کو بلاک کرنے کی کوشش آج ناکام بنا دی گئی، جھڑپوں کے تمام مقامات پر اسرائیلی افواج سے مقابلہ ہوا اور انہیں بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

کوئی بھی جنگ بندی حماس کے لیے تحفہ ثابت ہوگی ، ہلیری کلنٹن

سابق امریکی وز یر خارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی ممکن نہیں ہے۔ ہلیری کلنٹن نے یہرائس یونیورسٹی کے بیکر انسٹی ٹیوٹ گالا میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کوئی بھی جنگ بندی حماس کے لیے تحفہ ثابت ہوگی اور اسے جنگ بندی کے دوران اپنے ہتھیار دوبارہ بنانے کے قابل بنا دے گی۔ انہوں نے کہاکہ جو لوگ اب جنگ بندی کا مطالبہ کر رہے ہیں وہ حماس کو نہیں سمجھتے، یہ ممکن ہی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حماس جنگ بندی کا وقت ہتھیار بنانے اور جمع کرنے میں صرف کرے گا، اپنی پوزیشن کو مضبوط بنائے گا تاکہ اسرائیلیوں کے ممکنہ حملے کو روک سکے۔ ہلیری کلنٹن نے یہ بھی کہا کہ غزہ میں ایندھن سمیت امداد کی اجازت دینا ایک ’مخمصہ‘ ہے جس کا ’ہاں یا نہیں‘ میں جواب دینا مشکل ہے۔

عالمی برادری اسرائیل کا غیر قانونی قبضہ رکوانے کے لئے کچھ نہیں کر رہی، اقوام متحدہ

مقبوضہ فلسطینی علاقے (او پی ٹی) کے لیے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی ماہر فرانسسکا البانیزنے کہا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کا غیر قانونی قبضہ رکوانے کے لئے کچھ نہیں کر رہی، محصور غزہ کی پٹی پر مہلک جوابی اسرائیلی حملے بہت بڑی تباہی کا سبب بنیں گے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے نیوز چینل کو انٹرویو میں کہاکہ اسرائیل نے 7 اکتوبر سے غزہ پر ہر ہفتے اوسطاً 6 ہزار بم گرائے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں تمام اسکولوں کو کسی نہ کسی طریقے سے نشانہ بنایا ہے اور غزہ کی ناکہ بندی سخت کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کسی نہ کسی طریقے سےموجودہ صورتحال کا ذمہ دار غزہ کے تمام فلسطینیوں کوٹھہرا رہا ہے اور حماس اور دیگر عسکری گروپوں کے کیے کی سزا غزہ کے شہریوں کو دے رہا ہے۔ انسانی حقوق کے ماہر نے فلسطینی زمینوں پر اسرائیل کے مسلسل قبضے اور فلسطینیوں کے ساتھ ناروا سلوک پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باوجود اسرائیل کی غیر متزلزل حمایت پر مغربی ممالک کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مغربی ممالک اسرائیل اور اس کے حق دفاع کی حمایت کررہے ہیں۔

فلسطینی بچوں کی اموات ہمارے اخلاقی ضمیر کو داغدار کریں گی، متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی جنگ میں شہید ہونے والے فلسطینی بچوں کی تعداد ہمارے اخلاقی ضمیر کو داغدار کر دے گی۔ برطانوی اخبار کے مطابق فلسطین پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران متحدہ عرب امارات کی سفیر نے اس بات کی توثیق کی کہ جنرل اسمبلی کی اخلاقی ذمہ داری کا احترام کرنے میں ناکامی اور دنیا کی اکثریت کے اظہار خیال کو نظر انداز کرنے سے بین الاقوامی نظام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp