ایف بی آر ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب

منگل 31 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران ٹیکس وصولیوں کا ہدف مکمل کر لیا ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق 2 ہزار 748 ارب روپے کے محصولات اکٹھے کیے گئے ہیں جو 34 فیصد زیادہ ہیں۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران 2 ہزار 159 ارب روپے کے محصولات اکٹھے کیے تھے۔

اعلامیہ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران ایف بی آر کو 2 ہزار 682 ارب روپے ٹیکس وصولیوں کا ہدف دیا گیا تھا، ادارے نے ہدف سے بڑھ کر 66 ارب روپے زیادہ اکٹھے کیے ہیں۔

ایف بی آر کے مطابق اکتوبر کے لیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 516 ارب روپے تھا جبکہ 707 ارب روپے کے محصولات اکٹھے کیے گئے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران 158ارب روپے کے ری فنڈ ادا کیے گئے ہیں۔

ایف بی آر نے بتایا ہے کہ مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں تقریباً 29 لاکھ افراد کی جانب سے ٹیکس گوشوارے جمع کرائے گئے ہیں۔

گزشتہ مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں 25 لاکھ 70 ہزار افراد نے گوشوارے جمع کرائے تھے۔

واضح رہے کہ ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی مدت آج ختم ہو گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp