ماہ اکتوبر میں برآمدات میں نمایاں اضافہ

بدھ 1 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ماہ اکتوبر میں ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

جاری کردہ ماہانہ تجارتی اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران بھی برآمدات اضافہ ہوا تاہم ماہ اکتوبر میں ماہانہ بنیادوں پر برآمدات میں 9.33 فیصد جبکہ سالانہ بنیادوں پر 13.55 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رواں سال اکتوبر میں برآمدات 2 ارب 70 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز رہیں، ستمبر کے مقابلے میں اکتوبرمیں تجارتی خسارہ 38.27 فیصد بڑھا، جولائی تا اکتوبر تجارتی خسارہ میں 34.70 فیصد کمی ہوئی، اسی عرصہ میں درآمدات میں 18.54 فیصد کمی ہوئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق اکتوبر میں درآمدات کا حجم 4 ارب 80 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز جبکہ تجارتی خسارہ 2 ارب 10 کروڑ ڈالرز رہا، جولائی تا اکتوبر برآمدات کا حجم 9 ارب 61 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز رہا اور اس عرصہ میں درآمدات کا حجم 17 ارب 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز رہا،  جولائی تا اکتوبر تجارتی خسارہ 7 ارب 41 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز رہا۔

پھلوں کی برآمدات میں اضافہ

اسٹیٹ بینک اورادارہ شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعداد و شمارکے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پھلوں کی برآمدات سے ملک کو88.47 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہوا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 17.09 فیصد ذیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پھلوں کی برآمدات سے ملک کو 75.56 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا، ستمبرمیں پھلوں کی برآمدات کاحجم 22.21 ملین ڈالررہا جواگست میں 28.47 ملین ڈالر اورگزشتہ سال ستمبرمیں 18.71 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2023 میں پھلوں کی برآمدات سے ملک کو 232.30 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔

اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سبزیوں کی برآمدات سے ملک کو57.63 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 26.03 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سبزیوں کی برآمدات سے ملک کو 45.76 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا، ستمبرمیں سبزیوں کی برآمدات کا حجم 20.55 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جواگست میں 19.95 ملین ڈالراورگزشتہ سال ستمبرمیں 13.49 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2023 میں سبزیوں کی برآمدات کاحجم 172.34 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp