آزاد کشمیر میں کتنے طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ دیے جا رہے ہیں؟

جمعرات 2 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان کی یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت آزاد جموں و کشمیر میں سرکاری شعبہ میں قائم تمام 5 جامعات میں ڈھائی ہزار سے زیادہ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا آغاز ہوگیا ہے۔

اس پروگرام کے تحت بی ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی سمیت دیگر تمام ڈگری پروگراموں میں اعلیٰ تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا و طالبات کو میرٹ کی بنیاد پر مفت لیپ ٹاپ دیے جارہے ہیں۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جمعرات کو جامعہ کشمیر مظفرآباد کے کنگ عبداللہ کیمپس میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی ایک شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں مختلف ڈگری پروگرامز میں زیر تعلیم 787 طلبا و طالبات میں اعلیٰ معیار کے لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔

جامعہ کشمیر مظفرآباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی، ہائیرایجوکیشن کمیشن پاکستان کے ڈپٹی ڈائریکٹر/ فوکل پرسن برائے وزیر اعظم پاکستان یوتھ لیپ ٹاپ سکیم سید قائم علی شاہ اور دیگر نے طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔ تقریب میں جامعہ کی مختلف کلیات کے ڈین حضرات، شعبہ جات کے سربراہان، پرنسپل آفیسران، فیکلٹی ممبران اور طلبا و  طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی وفاقی حکومت اور ہائیرایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے آزاد کشمیر کے ہونہار طلبا و طالبات کو لیپ ٹاپ دینے پر شکریہ اداکرتے ہوئے طلبا و  طالبات کو ہدایت کی کہ وہ اس سہولت کو تعلیم وتحقیق کے لیے استعمال کریں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہائیرایجوکیشن کمیشن پاکستان کے نمائندے سید قائم علی شاہ نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت ملک بھر کی جامعات کے 652000 طلبہ نے لیپ ٹاپ کے لیے اپلائی کیا تھا جن میں سے آزاد کشمیر کی 5 جامعات کے ڈھائی ہزار طلبہ بھی شامل ہیں جنہیں یہ لیپ ٹاپ ان کی تعلیمی کارکردگی اور میرٹ کی بنیاد پر دیے جارہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp