کوئٹہ میں کانگو وائرس کے وار جاری، طبی عملہ بھی متاثر

ہفتہ 4 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کوئٹہ میں کانگو وائرس بے قابو ہوگیا ہے، سول اسپتال میں کانگوکے 8 مریض سامنے آگئے جن میں 5 ڈاکٹرز اور 3 دیگر طبی عملے کے لوگ شامل ہیں۔ متاثرہ افراد کوایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کرنے کے انتظامات کر لیے گئے ہیں۔

ترجمان محکمہ صحت ڈاکٹر وسیم بیگ نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سول اسپتال میں عملے کے 18 افراد کو شدید بخار، سردی لگنے، سانس لینے میں دشواری اور پلیٹلیٹس تیزی سے کم ہونے کی شکایت ہوئی جس کے بعد تمام مشتبہ افراد کے نمونے ٹیسٹ کے لیے بھجھوائے گئے جن میں 8 افراد میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

جن افراد میں کانگووائرس کی تصدیق ہوئی ہے ان میں 5 ڈاکٹرز اور طبی عملے کے 3 دیگر لوگ شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر کانگو وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے متاثرہ افراد کے لیے آئیسولیشن وارڈ قائم کر دیا گیا ہے۔

سیکرٹری صحت عبداللہ جان کے مطابق کانگو واٸرس سے متاثرہ تشویشناک حالت میں مبتلا ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ایئرایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کرنےکے انتظامات کر لیے گٸے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں انفیکشن ڈیزیز روکنے کے لیے سول اسپتال کو سیفٹی فریم ورک میں شامل کر لیا گیا ہے، کانگو واٸرس سے بچاؤ کے لیے حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp