اسرائیلی وزیر کی غزہ پر ایٹم بم گرانے کی دھمکی پر او آئی سی کا سخت ردعمل

پیر 6 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے اسرائیلی وزیر ثقافت امیچائی الیاہو کی جانب سے غزہ کی پٹی پر جوہری بم گرانے کی دھمکی کو انتہا پسندی، نفرت انگیزی، تشدد اور منظم دہشت گردی پر اکسانے کے مترادف قرار دیا ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی عوام کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر اسرائیلی نسل کشی بین الاقوامی قانون، معاہدوں اور قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔

بیان میں اسرائیل کے نسل پرستانہ بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ او آئی سی اس بیان کو دہشت گرد نسل پرستانہ نظریے کی توسیع کے طور پر دیکھتی ہے۔

بیان میں عالمی برادری سے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جارحیت، روزانہ قتل عام اور نسل کشی کی مذمت کرنے اور اسے روکنے کے لیے موثر اقدامات کا مطالبہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ انتہا پسند اسرائیلی وزیر نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ غزہ پر ایٹم بم گرانا خارج از امکان نہیں، فلسطینیوں کو آئر لینڈ یا کسی صحرا چلے جانا چاہیے۔

بعد ازاں اسرائیلی وزیر اپنے بیان سے مکر گئے تھے، جبکہ وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے بھی کہا تھا کہ وزیر کا بیان حقیقت پسندانہ نہیں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp