اینجیلو میتھیوز کا ’ٹائم آؤٹ‘، سابق کرکٹرز کی شکیب الحسن کے عمل پر تنقید

پیر 6 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت میں جاری آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے 38 ویں میچ میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جب فیلڈ امپائرز نے سری لنکن بیٹرانیجیلو میتھیوز کو کریز پر تاخیر سے بال کھیلنے پر ’ٹائم آؤٹ‘ قرار دے دیا گیا۔

نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں  بنگلادیش نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا کی ٹیم 50 ویں اوور کی تیسری گیند پر 279 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

سری لنکا کے اینجیلو میتھیوز بغیر کوئی گیند کھیلے آؤٹ ہوئے، تاریخ میں پہلی بار انٹرنیشنل کرکٹ میں کسی بیٹر کو ٹائم آؤٹ ہونے پر مخالف ٹیم کی اپیل پر آؤٹ دیا گیا۔

اینجیلو میتھیوز ٹوٹا ہوا ہیلمٹ لے کر میدن میں آگئے تھے جس کے بعد لنکن کرکٹر نے میچ میں فیلڈ امپائر کو قائل کرنے کی کوشش کی مگر انہوں نے اجازت نہیں دی۔

بنگلایش کے کپتان شکیب الحسن سمیت کھلاڑیوں کی جانب سے ٹائم آؤٹ کا کہہ کر آؤٹ کرنے کی اپیل کی، امپائر نے اینجیلو میتھیوز کو ٹائم آؤٹ کی بنیاد پر آؤٹ قرار دے دیا۔

سابق کرکٹرز بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن کے اس عمل پر ناپسندیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

سابق جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اس عمل پر تنقید کرتے ہوئے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’ایسے آؤٹ کرنا اچھا عمل نہیں تھا‘۔

سابق پاکستانی لیجنڈ فاسٹ بولر وقار یونس نے اننگز بریک کے دوران بھارتی اسپورٹس چینل اسکائی اسپورٹس پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’انیجیلو میتھیوز کے ایسے آؤٹ ہونے سے میں لطف اندوز نہیں ہوا اور نہ ہی یہ عمل سپرٹ آف کرکٹ کے لیے اچھا تھا۔ میں پرانے خیالات رکھنے والا آدمی ہوں لیکن اینجیلو میتھیوز کو ایسے آؤٹ کرنے کے لیے بہت ڈرامہ رچایا گیا‘۔

بنگلہ دیشی کمنٹیٹر اطہر علی خان نے اس صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ’شکیب الحسن نے اپنا حق استعمال کیا جا کہ درست عمل ہے لیکن ان پر اننگز کے دوران سلو اوور ریٹ رکھنے پر جرمانہ بھی عائد کیا جانا چاہیے‘۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ویسٹ انڈیز کے سابق سابق فاسٹ بولر ای این بشب نے کہا کہ ’فیلڈ امپائرز نے شکیب الحسن کو اپنی اپیل واپس لینے کا کہا لیکن انہوں نے صاف صاف انکار کر دیا’۔

بنگلہ دیش اور سری لنکا کے میچ کے دوران فورتھ امپائر ایڈرین ہولڈ اسٹاک نے اینجیلو میتھوز کے آؤٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’آئی سی قوانین کے مطابق اینجیلو میتھیوز مقررہ وقت سے تاخیر کر چکے تھے اور انہیں اس کے بعد یاد آیا کہ اُن کا ہیلمٹ ٹوٹا ہوا ہے‘۔

ٹائم آؤٹ پر بات کرتے ہوئے فورتھ امپائر نے کہا کہ آؤٹ ہو جانے کے بعد آنے والے بیٹر کے لیے ضروری ہے کہ وہ 02 منٹ کے اندر اگلی گیند کا سامنا کرے، اور قوانین کے مطابق ٹی وی امپائر کا یہ کام ہے کہ ایک بیٹر کے آؤٹ ہوجانے کے اگلے 02 منٹ  وقت کی مانیٹرنگ کرے اور اگر اگلا بیٹر مقررہ 02 منٹ میں اگلی گیند کا سامنا نہیں کرتا تو فیلڈ امپائر کو آگاہ کرے۔

آئی سی سی قانون40.1  کے مطابق کسی بھی کھلاڑی کو کسی بیٹر کے آؤٹ یا کریز چھوڑ کر جانے کے بعد2 منٹ میں گیند کا سامنا کرنا ہوتا ہے یعنی کسی بھی کھلاڑی کو وکٹ گرنے کے 2 منٹ کے اندر گیند کا سامنا کرنا ہوتا ہے لیکن میتھیوز ایسا نہیں کرپائے جس کی بنا پر امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp