نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پولیس حکام کو تعلیمی اداروں اور ان کے گرد و نواح میں منشیات کا استعمال کرنے اور سپلائی کرنے والے کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔
پیر کو اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) کے انتظامی امور سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ اجلاس میں آئی سی ٹی کے انتظامی امور، امن و امان کی صورتحال اور انسداد منشیات جیسے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں
اسلام آباد میں ڈولفن فورس کا قیام فوری عمل میں لایا جائے
نگراں وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اسلام آباد میں ڈولفن فورس کے قیام کے لیے ترجیحی بنیادوں پر ضروری اقدامات کرنے کے علاوہ اسکولوں کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کریں۔
اجلاس کو غیر قانونی تجاوزات، کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تحت ترقیاتی منصوبوں، آئی سی ٹی پولیس کی کارکردگی اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اسلام آباد میں گاڑی پارکنگ کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ شہر کے مختلف علاقوں میں قائم شو رومز کی جانب سے گاڑیوں کی تجارت کے لیے پیدا ہونے والے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے جو متعلقہ علاقوں میں ٹریفک اور پارکنگ کے مسائل کا باعث بنتے ہیں۔
گاڑیوں کی نیلامی، نمائش اور فروخت کے لیے ’کارسٹی‘ منصوبہ بنایا جائے
انہوں نے ہدایت کی کہ اسلام آباد میں گاڑیوں کی نمائش، نیلامی اور فروخت کے لیے مناسب مقام پر کار سٹی کا جامع منصوبہ بنایا جائے۔
وزیر اعظم کاکڑ نے یہ بھی کہا کہ شہر میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے ایک مؤثر حکمت عملی تیار کی جائے۔
اسلام آباد کے لیے مزید 160 نئی بسیں جلد پہنچیں گی
اجلاس کو بتایا گیا کہ جلد ہی 160 نئی بسیں شہر میں پہنچیں گی جس سے شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید بہتر اور مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ اسلام آباد سمیت ملک بھر کے تمام شہروں میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے مرکزی ڈیجیٹل نظام بنایا جائے۔
پرانی گاڑیوں کو فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کیے جائیں
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ماحولیاتی آلودگی کے معیار کی بنیاد پر پرانی گاڑیوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کیے جائیں۔
انہوں نے ملک بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنانے کی بھی ہدایت کی۔
مارگلہ نیشنل پارک کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ مارگلہ نیشنل پارک سمیت کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی زمینوں پر غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز آپریشن کیا جائے۔
دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے وزیر اعظم کاکڑ کو بتایا گیا کہ رواں سال کے دوران جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر حکمت عملی وضع کی جائے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں جدید ٹیکنالوجی اور سیف سٹی کیمروں کا استعمال کرتے ہوئے ای چالان سسٹم کو مکمل طور پر نافذ کر دیا گیا ہے۔
منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، وزیر اعظم
اجلاس میں نگران وزیر داخلہ سمیت اعلیٰ حکومتی حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے بعد وزیر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ منشیات فروخت کرنے والے ملک کی آنے والی نسلوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ سرفراز بگٹی تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے خاتمے کی کوششوں کی ذاتی طور پر نگرانی کریں گے۔