آشیانہ ریفرنس: شہباز شریف سمیت دیگر کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ موخر

منگل 7 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور کی احتساب عدالت نے شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف آشیانہ ریفرنس میں بریت کی درخواستوں پر فیصلہ موخر کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں وکلا کو معاونت کے لیے طلب کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت نے آشیانہ ریفرنس میں شہباز شریف ، فواد حسن فواد اور احمد چیمہ سمیت دیگر کی بریت کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنانا تھا، تاہم دوران سماعت احتساب عدالت کے جج نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ نے احتساب عدالتوں کو حتمی فیصلہ کرنے سے روک رکھا ہے، ہم سپریم کورٹ کے حکم کے پابند ہیں۔

ملزمان کے وکلا نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ کے فیصلے کی کاپی پیش کر دیتے ہیں، اس سے معاملہ واضح ہو جائے گا۔ اس موقع پر نیب کے وکیل نے دلائل پیش کیے کہ یہ کیس میرٹ پر سنا گیا ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ اس کیس پر اثر انداز نہیں ہوتا۔

وکلا کو سننے کے بعد احتساب عدالت نے شہباز  شریف سمیت دیگر کی بریت کی درخواستوں پر مزید معاونت طلب کرلی اور سماعت 18 نومبر تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے  کہ  31 اکتوبر کو نیب ترامیم کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیلوں پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے سماعت کرتے ہوئے نیب ترامیم کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی تھی اور احتساب عدالتوں کو نیب کیسز کا فیصلہ کرنے سے روک دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp