اسموگ سے بچاؤ کی پالیسی: لاہور میں کون کون سے دفاتر اور ادارے بند ہوں گے؟

منگل 7 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب حکومت نے فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے جمعہ 10 نومبر کو سرکاری تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو سرکاری اسکول اور دفاتر بند رہیں گے۔ ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ ’جمعرات کو پہلے سے ہی پورے ملک میں تعطیل کا اعلان ہو چکا ہے‘۔

انہوں نے کہاکہ لاہور اس وقت دنیا کا آلودہ شہر ہے، کوشش کر رہے ہیں کہ فضائی آلودگی میں کمی لائی جائے۔ لوگوں سے التماس ہے کہ ماسک کا استعمال کریں۔

انہوں نے کہاکہ بھارت میں فصلیں جلائے جانے کی وجہ سے فضائی آلودگی پھیل رہی ہے، ہم اس وقت تمام فیصلے ماحولیاتی ایمرجنسی کے تحت کر رہے ہیں، ہیلتھ ایمرجنسی بھی نافذ کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ لاہور میں فضائی آلودگی برقرار ہے، لاہور ہائیکورٹ میں بھی اسموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر کسی علاقے میں فصلوں کی باقیات کو جلایا گیا تو متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

عدالت نے ممنوعہ ایندھن بنانے والی فیکٹریوں کے خلاف شمالی لاہور میں آپریشن کرنے کا حکم دیا۔ اور اس حوالے سے کمشنر لاہور، سی سی پی او اور جوڈیشل کمیشن کی میٹنگ آج ہی کرنے کے احکامات دیے۔

لاہور ہائی کورٹ نے احکامات دیے کہ اس آپریشن کو ایس پی لیول کا آفیسر لیڈ کرے۔

وکیل پی ایچ اے نے موقف اختیار کیا کہ پی ایچ اے دن میں 2 دفعہ پانی کا چھڑکاؤ کر رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp