اسرائیلی فوج کی غزہ کے اسپتالوں پر بمباری جاری، 7 اکتوبر سے اب تک 10 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید

منگل 7 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیلی فوج کی غزہ کے اسپتالوں پر وحشیانہ بمباری جاری ہے، منگل کو اسرائیلی فوج نے غزہ کے 3 اسپتالوں نصر میڈیکل کمپلیکس، القدس اسپتال اور بیت ہانوں میں کمال عدوان اسپتال پر حملے کیے جن کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے فضائی حملے اور کارروائیاں تیز کردی ہیں، غزہ کے علاقے طولکرم میں ایک گھر پر ڈرون حملہ کیا گیا جب کہ کار سوار فلسطینیوں پر انتہائی نزدیک سے فائرنگ کی گئی، دائرالبلاح میں بھی ایک رہائشی عمارت پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینیوں کے شہید ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

فلسطینی صحافی خاندان کے 42 افراد سمیت شہید

اسرائیلی حملوں میں ایک فلسطینی صحافی اپنے خاندان کے 42 افراد سمیت شہید ہوگئے۔ الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب ان کے گھر پر بمباری کی جس کے نتیجے میں وہ اور ان کے خاندان کے 42 افراد شہید ہوگئے۔ فلسطین میں اب تک 37 صحافی اپنے اسرائیلی بمباری میں شہید ہوچکے ہیں۔

غزہ پر 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 10,300 سے زیادہ ہوگئی ہے، شہید ہونے والوں میں 4 ہزار سے زیادہ بچے اور 2600 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی افراد کی تعداد 26 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔

جنگ کے بعد غزہ کی سیکیورٹی سنبھال لیں گے، اسرائیلی وزیراعظم

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے جنگ بندی سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس کے ساتھ جنگ کے بعد اسرائیل غیرمعینہ مدت کے لیے غزہ کی سیکیورٹی سنبھال لے گا۔ انہوں نےکہا، ’اگر ہم سیکیورٹی کی ذمہ داری نہیں لیتے تو حماس کی دہشت اتنی شدت سے ابھرے گی جس کا ہم تصور بھی نہیں کر سکتے۔

غزہ پر کٹھ پتلی حکومت قبول نہیں کریں گے، حماس

فلسطینی تحریک مزاحمت حماس کے رہنما اسامہ بن حمد نے کہا  ہے کہ غزہ کی پٹی پر کوئی کٹھ پتلی حکومت قبول نہیں کریں گے۔ ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے حماس کے بغیر غزہ اور غزہ کے مستقبل کا تعین کرنے کی امریکی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جو یہ سوچ رہے ہیں کہ حماس ختم یا غائب ہو جائے گی انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ کوئی زمینی طاقت حماس کو ختم کر سکتی ہے اور نہ اس کے اثرات کو کم کر سکتی ہے۔

اسامہ حمدان نے اسرائیل کے ان الزامات کو بھی مسترد کر دیا ہے جس میں اس نے کہا تھا کہ حماس الشفا اسپتال کی آڑ لے کر اپنے جنگجوؤں کو تحفظ فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے الشفا اسپتال کے قریب سرنگ کی موجودگی کے بارے میں اسرائیلی دعوے کو غلط قرار دیا اور کہا کہ یہ ایندھن ذخیرہ کرنے کی سہولت ہے، اسپتالوں کے قریب راکٹ لانچ کرنے کے پلیٹ فارمز کی موجودگی میں کوئی صداقت نہیں۔ اسامہ حمدان نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے دکھائی جانے والی آڈیو ریکارڈنگز جعلی ہیں۔

امریکا میں مظاہرین نے اسلحہ لے جانے والے جہاز کو روک لیا

امریکا کی ٹیکوما بندرگاہ کے قریب سینکڑوں مظاہرین نے عسکری سازوسامان سپلائی کرنے والے بحری جہاز کو روک لیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ باوثوق ذرائع سے انہیں یہ معلوم ہوا ہے کہ فوجی سازوسامان امریکا سے اسرائیل بھیجا جا رہا ہے جہاں یہ معصوم فلسطینیوں کے خلاف استعمال کیا جائے گا۔ دوسری جانب سینکڑوں اسرائیل مخالف یہودی مظاہرین نے امریکا کے مجسمہ آزادی پر قبضہ جمالیا۔ مظاہرین نے فلسطینیوں کی حمایت کا اظہار کیا اور ’یہودی جنگ بندی چاہتے ہیں‘ کے نعرے لگائے۔

 اقوام متحدہ کی سلامتی کو نسل کا اجلاس 9 نومبر کو ہوگا

اسرائیل فلسطین تنازعے کے تصفیہ کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس 9 نومبر کو ہوگا۔ اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کی مستقل نمائندہ اور سفیر لانا زکی نصیبہ نے کہا کہ اس اجلاس میں (جس کی صدارت چین کر رہا ہے) سلامتی کونسل کے تمام 15 ارکان مشرق وسطیٰ کے تنازعات کے تصفیے کی دستاویز پر مشاورت میں حصہ لیں گے جنہیں تنظیم کے 10غیر مستقل رکن ممالک نے تجویز کیا تھا۔ واضح رہے گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل فلسطین اسرائیل تنازعے پر قراردادوں کے چار مسودوں میں سے کسی کو بھی منظور کرنے میں ناکام رہی ۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 10غیرمستقل ارکان نے اپنی دستاویز کا مسودہ تیار کیا ہے جس میں سابقہ قراردادوں کے مسودات کی دفعات کو شامل کرنے کی توقع ہے۔

امریکی وزیر خارجہ جی سیون وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے جاپان پہنچ گئے

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن جی سیون وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے جاپان پہنچ گئے، جہاں وہ گروپ کو غزہ کی صورتحال پر مشترکہ موقف اختیار کرنے پر قائل کریں گے۔ پیر کو ترکیہ کا دورہ کرتےہوئے بلنکن نے کہا تھا کہ امریکا غزہ میں شہریوں کو امداد کی فراہمی میں توسیع کے لئے کام کر رہا ہے۔

جنوبی افریقہ نے اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلوا لیا

غزہ پر اسرائیلی جارحیت اور وحشیانہ بمباری کے خلاف اپنا موقف واضح کرتے ہوئے جنوبی افریقہ نے بھی اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلوا لیا ہے۔ اسرائیل سے اب تک 9 ملکوں نے اپنے سفیروں کو واپس بلوایا ہے یا پھر اس سے سفارتی تعلقات منقطع کیے ہیں۔

اقوام متحدہ کے 89 امدادی کارکن جان سے گئے، انتونیو گوتریز

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ حالیہ ہفتوں میں اقوام متحدہ کے اتنے امدادی کارکن جان سے جاچکے ہیں جو ہمارے ادارے کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔

سیکریٹری جنرل نے اقوام متحدہ کے جان سے جانے والے 89 امدادی کارکنان کے اہلخانہ سے افسوس کا اظہار کیا۔

اسرائیلی وزیر غزہ کو نیا ہیروشیما دیکھنا چاہتے ہیں ،فلسطینی وزیراعظم

فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ نےاسرائیلی وزیر ثقافت کی غزہ پر ایٹمی بم گرانے کے بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیر ثقافت غزہ کو نیا ہیروشیما دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں ایمبولینسز کو دنیا کی نظروں کے سامنے بمباری کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے غزہ کی پٹی میں جنگ کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

امریکا کا نفرت انگیز بیان بازی سے گریز کا مطالبہ

امریکا نے اسرائیلی وزیربرائے قومی ورثہ ایمچے ایلیاہو کی جانب سے غزہ پر ایٹمی حملہ کرنے بارے بیان کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تمام فریقین نفرت انگیز بیان بازی سے گریز کریں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اور اسرائیلی حکومت نے ان تبصروں کو مسترد کر دیا ہے جنہیں ہم نے بھی مکمل طور پر ناقابل قبول قرار دیا ہے۔

ایٹمی حملے سے متعلق بیان ناقابل قبول

متحدہ عرب امارات اور ایران نے غزہ پٹی پر ایٹمی حملے سے متعلق اسرائیلی وزیر برائے قومی ورثہ ایمچے ایلیاہوکے بیان کی مذمت کی ہے۔ اماراتی دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ غزہ پر ایٹمی حملے کے حوالے سے اسرائیلی وزیر کا بیان ناقابل قبول ہے، امارات اس بیان کی مذمت کرتا ہے اور اسے بین الاقوامی قانون کے منافی سمجھتا ہے۔

ایران نے غزہ پر ایٹمی بم گرانے بارے اسرائیلی وزیر ثقافت کے بیانات کے بعد اقوام متحدہ سے فوری طور پر کارروائی کرنے پر زور دیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ حسن امیر عبداللہیان نے گزشتہ روز ٹویٹ میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو جوہری ہتھیاروں سے غیر مسلح کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp