یوکرینی حکومت نے روسی جارحیت کے پس منظر میں کرنسی نوٹوں کے اجراء کے بعد اب ایک ڈاک ٹکٹ جاری کیا ہے جس میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے مشابہہ شخص کو جوڈو میچ کے دوران ایک کم عمر لڑکے کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوتے دکھایا گیا ہے۔
یوکرین نے روس کی جانب سے باقاعدہ حملے کا ایک سال مکمل ہونے پر برطانیہ کے مشہور گرافٹی آرٹسٹ ’بینکسی‘ کی جانب سے ایک دیوار پر بنائی گئی پینٹنگ پر مشتمل ڈاک ٹکٹ جاری کیا ہے۔
اس دیوار میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے مشابہہ شخص کو ایک کم عمر لڑکے کے ساتھ جوڈو میچ کے دوران شکست کھاتے دکھایا گیا ہے۔
درحقیقت یہ دیوار ایک ایسے گھر کی ہے جو دارالحکومت کیف کے قریب بورودیانکا قصبے میں روسی گولہ باری سے تباہ ہو گیا تھا۔
ڈاک ٹکٹ کے نچلے حصے میں بائیں جانب روسی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے ایک مختصر جملہ بھی درج ہے کہ ’مسٹر پوٹن جوڈو بلیک بیلٹ اور مارشل آرٹ کے مداح ہیں‘۔
بہت سے یوکرینی ’بینکسی‘ کی دیواروں پر بنائے گئے فن پاروں کو 24 فروری 2022 کو ہونے والے روسی حملے کے خلاف یوکرین کی شدید مزاحمت کے استعارے کے طور پر دیکھتے ہیں۔
یہاں بات دلچسپ یہ ہے کہ گزشتہ روز جس وقت مذکورہ ڈاک ٹکٹ فروخت کے لیے دستیاب ہوئے تب یوکرین کے دارالحکومت کیف میں ڈاک خانوں کے باہر انہیں خریدنے والوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
بی بی سی میں شائع اس رپورٹ کے مطابق ایک 26 سالہ یوکرینی ’ میکسم ‘ کا کہنا ہے کہ ’یہ دنیا کے لیے یوکرین کے مسئلے کو سمجھنے کے لیے بہت اچھا اشارہ ہے اس طرح ہم اسپاٹ لائٹ میں ہیں۔‘
’میکسم‘ کے مطابق وہ ’بینکسی‘ کے فن پاروں میں سے ایک کو ڈاک ٹکٹ پر دیکھ کر بہت خوش ہے۔
واضح رہے کہ برطانوی آرٹسٹ بینکسی نے یوکرین کے متعدد قصبوں میں تباہ حال عمارتوں پر فن پارے تخلیق کیے ہیں، تاکہ دنیا کی توجہ اس جنگ کی جانب دلوائی جا سکے۔