ای سی او کانفرنس: غزہ میں جنگ بندی کے لیے تمام ممالک کو کردار ادا کرنا ہوگا، نگراں وزیر اعظم

جمعرات 9 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ای سی او کے تمام ممالک کو غزہ میں جنگ بندی کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔ غزہ میں جاری بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں، غزہ میں جاری جنگ فوری طور پر بند ہونی چاہیے۔ ای سی او فورم کو ایک باقاعدہ تنظیم کی شکل دینا ہوگی اور مسئلہ کشمیر کو بھی اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

اقتصادی تعاون تنظیم کا 16واں سربراہ اجلاس ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں جاری ہے۔ ازبکستان کے صدرشوکت مرزایوف نے کنونشن سینٹرپہنچنے پر نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اوردیگر رکن ممالک کے سربراہان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے 16ویں سربراہی اجلاس سے کلیدی خطاب کیا جس میں انہوں نے ای سی او وژن 2025 کے حوالے سے پاکستان کاموقف پیش کیا۔

نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم خطے کی ترقی کے لیے اہم فورم ہے، خطے میں تجارتی سرگرمیوں سے ہی ترقی ممکن ہے۔ انہوں نے اپنے اور وفد کے والہانہ استقبال کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ای سی او سربراہی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطےمیں تجارتی سرگرمیوں سے ہی ترقی ممکن ہے، ای سی او ممالک کے درمیان تجارتی راہداریاں اہم کردار ادا کریں گی۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ای سی او ریجن میں مزید سرحدی اور تجارتی راہداریوں کی ضرورت ہے، حکومتِ پاکستان نے سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے خصوصی کونسل قائم کر رکھی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، پاکستان ای سی او کے دیگر ممالک کے ساتھ ملکر کام کر رہا ہے۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 16ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف سے ملاقات بھی کی۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات خصوصاً دو طرفہ تجارت، دفاع اور توانائی کے شعبے میں حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا۔

دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے ، وزیر اعظم نے آذربائیجان ایئر لائن (AZAL) کے پاکستان کے لیے براہ راست فلائٹ آپریشن کے اعلان کا خیرمقدم کیا اور اسے کاروبار اور سیاحت اور لوگوں کے درمیان تبادلوں کو بڑھانے کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔

وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور صدر علیئیف نے اسلامو فوبیا اور موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر مشترکہ چیلنجز، علاقائی تعاون اور اجتماعی خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے ای سی او کے اہم کردار پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے غزہ میں انسانی بحران اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اسلاموفوبیا اور موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر مشترکہ چیلنجز، اور علاقائی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے آذربائیجان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت بالخصوص قرہ باغ کے حوالے سے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

واضح رہے وزیراعظم ای سی او کے سربراہی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں جہاں وہ خطاب بھی کریں گے اور ای سی او ممالک کے سربراہان کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیے میں بھی شریک ہوں گے۔

وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی آج ازبکستان تاریخی شہر سمر قند روانگی بھی متوقع ہے جہاں وہ حضرت امام بخاری کے مزار پر حاضری دیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp