آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں علامہ اقبال کا 146واں یوم پیدائش شایان شان طریقے سے منایا گیا۔ صدر مملکت عارف علوی اور نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سمیت اعلیٰ حکومتی شخصیات نے اس دن کی مناسبت سے قوم کے نام خصوصی پیغامات جاری کیے۔
لاہور میں علامہ اقبال کے مزار پر گاڈز کی تبدیلی کا شاندار مظاہرہ ہوا تو وہیں گورنر پنجاب سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات اور عام پاکستانی اپنے محبوب شاعر کو خراج تحسین پیش کرنے مزاراقبال پر حاضر ہوئے۔
علامہ اقبال کی فکری عظمت کا اعتراف عالم عرب میں بھی کیا جاتا ہے۔ اس حوالے سے معروف عرب شاعر صاوی الشعلان نے علامہ اقبال کے منتخب کلام کا عربی میں منظوم ترجمہ کیا ہے۔ ’حدیث روح‘ کے عنوان سے ’نظم شکوہ‘ کے منظوم کلام کو عالم عرب کی معروف مغنیہ ’ام کلثوم‘ نے گایا ہے۔
في يوم شاعر المشرق العظيم / محمد اقبال ..
نتذكر شيئاً من أروع كلماته وقصائده ..
🇵🇰🤝🇸🇦
شاعر مشرق علامہ اقبال کے دن کے موقع پہ
ہم ان کے چند بہترین اقوال اور اشعار کا ذکر کرتے#IqbalDay#اقبال_ڈے pic.twitter.com/M4BLF7oh0N— السفارة في باكستان – سعودی سفارت خانہ (@KSAembassyPK) November 9, 2023
پاکستان میں سعودی سفارتخانے نے یوم اقبال کی مناسبت سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر جو ویڈیو شیئر کی ہے اس کا آغاز بھی ام کلثوم کے اسی کلام سے ہوتا ہے۔
علامہ اقبال کی دلکش تصاویر سے مزّین اس ویڈیو میں سعودی سفارتخانے سے وابستہ افسران و اہلکار اقوالِ اقبال، احوالِ اقبال اور اشعارِ اقبال پیش کرتے نظر آتے ہیں۔ عربی پیش کی گئی اس ویڈیو میں اردو دان افراد کی سہولت کے لیے اردو سب ٹائٹل بھی دیا گیا۔
ویڈیو کے مطابق سعودی سفارتخانہ کے اہلکار علامہ اقبال کا قول بیان کرتا ہے کہ
’مدینہ منورہ کی مٹی مجھے پوری دنیا سے زیادہ محبوب ہے‘۔
مزید پڑھیں
اس کے بعد دوسرا اہلکار علامہ اقبال کی ایک آرزو کا ذکر ان الفاظ میں کرتا ہے کہ ’علامہ اقبال اپنی وفات سے پہلے کہا کرتے تھے ’یارسول اللہؐ آپ ہی کے ذریعے لوگوں کی نجات ہے۔ مجھے بس حجاز ہی میں موت کی تمنا ہے‘۔
اس کے بعد سفارتخانے کا ایک افسر علامہ اقبال کے بچپن کا ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے کہتا ہے کہ علامہ اقبال فرماتے ہیں ’ جب میں نے اپنے والد کے سامنے قرآن پاک تیزی سے پڑھا تو انہوں نے ایک بات کہی جس سے میری زندگی بدل گئی۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کی تلاوت ایسے کرو گویا یہ تم پر نازل ہو رہا ہے‘۔
آخر میں سفارتخانے کا اہلکار اسکرین پر آتا ہے اور علامہ اقبال کے درج ذیل شعر کا ترجمہ بزبان عربی بیان کرتا ہے:
درد لیلیٰ بھی وہی، قیس کا پہلو بھی وہی
نجد کے دشت و جبل میں رم آہو بھی وہی
عشق کا دل بھی وہی، حُسن کا جادو بھی وہی
امت احمد مرسلؐ بھی وہی، تو بھی وہی
یوں سعودی مملکت کی جانب سے علامہ اقبال کی عظمت کے اعتراف کے ساتھ یہ ویڈیو تمام ہوتی ہے۔