ورلڈ کپ 2023: جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 5 وکٹ سے شکست دیدی

جمعہ 10 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ورلڈ کپ 2023 کے 42ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔ افغانستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 244 رنز بنائے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہوئے، جواب میں جنوبی افریقہ نے مقررہ ہدف 47.3 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 15 گیندوں قبل ہی مکمل کرلیا۔

افغانستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ورلڈ کپ کا یہ میچ بھارت کے شہر احمد آباد کے نریندرا مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کے اوپننگ بلے باز زیادہ دیر تک کریز پر ٹک نہ سکے۔ رحمان اللہ گرباز 22 گیندوں پر 25 رنز بنا کر مہاراج کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے، ابراہیم زدران کو کوئیٹزی نے آؤٹ کیا، انہوں نے 30 گیندوں پر 15 رنز بنائے۔

حشمت اللہ شاہدی 7 گیندوں پر 2 رنز بنا کر مہاراج کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ رحمت شاہ 46 گیندوں پر 26 رنز بنا کر لونگی نگیڈی کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔ اکرام علی خیل 14 گیندوں پر 12 رنز بنا کر کوئٹزی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے، محمد نبی نے 3 گیندوں پر 2 رنز بنائے، انہیں لونگی نگڈی نے آؤٹ کیا۔ راشد خان 30 گیندوں پر14 رنز بنا کر پیہلکاو کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے، نور احمد نے 32 گیندوں پر 26 رنز بنائے انکو بھی کوئٹزی نے آؤٹ کیا۔

مجیب الرحمٰن نے 5 گیندوں پر 8 رنز بنائے اور وہ کوئٹزی کی گیند پر مرکرم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، نوین الحق 4 گیندوں پر 2 رنز بنا کر ربادا کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے۔

افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی ٹاپ اسکورر رہے، انہوں نے 107  گیندوں پر 97 رنز کی شاندار ناقابل شکست اننگ کھیلی۔

جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ 64 کے اسکور پر گری جب اوپنر ٹیمبا بیوما 28 گیندوں پر 23 رنز بنا کر مجیب الرحمٰن کی گیند پر رحمت اللہ گرباز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر کوئنٹن ڈی کوک تھے جنہوں نے 47 گیندوں پر 41 رنز بنائے، وہ محمد نبی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

ایڈن مارکرم نے 32 گیندوں پر 25 رنز بنائے، وہ راشد خان کی گیند پر نوین الحق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، ہینرک کلاسن نے 13 گیندوں پر 10 رنز بنائے، انہیں راشد خان نے بولڈ کیا۔

ڈیوڈ ملر نے 33 گیندوں پر 24 رنز بنائے، محمد نبی نے اپنی ہی بال پر ان کا کیچ پکڑا، جنوبی افریقہ کے ٹاپ اسکورر راسی وین ڈیر ڈوسن تھے جنہوں نے 95 گیندوں پر 76 رنز کی شاندار ناقابل شکست اننگ کھیلی۔

افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ آج یقیناً ایک مشکل گیم ہے، آسٹریلیا کے خلاف میچ نے صورت حال تبدیل کر دی ہے، لیکن پوری کوشش کر رہے ہیں کہ باقی فکروں کو چھوڑ کر آج کے میچ پر فوکس کریں۔

جنوبی افریقہ کے کپتان ٹمبا باووما نے کہا کہ ہم ہدف حاصل کرنے میں تھوڑے کمزور ہیں لیکن آج کا میچ ہمیں موقع دے رہا ہے کہ ہم اس کمزوری کو بھی دور کر سکیں، لہذا پوری کوشش کریں گے کہ آج کے میچ میں اچھی کارکردگی دکھائیں۔

ورلڈ کپ میں اب تک کا سفر

رواں ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اب تک 08 میچز میں سے 06 میچز جبکہ افغانستان کی ٹیم نے بھی انتہائی متاثر کُن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 08 میں سے 04 میچز جیتے ہیں اور بڑی ٹیموں کو اپ سیٹ شکست دی ہے۔

ہیڈ ٹو ہیڈ میچز کا ریکارڈ

دونوں ٹیموں کے مابین اب تک صرف ایک ون ڈے میچ کھیلا جاچکا ہے جس میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو شکست دی ہے۔

پچ رپورٹ

نریندرا مودی کرکٹ اسٹیڈیم، احمد آباد کی پچ پر رواں ورلڈ کپ میں اب تک کوئی بھی ٹیم 300 رنز نہیں بنا سکی ہے۔ یہ پچ اسپنرز کے لیے مدد گار ہوگی، تاہم اس پچ کو بیٹنگ کے لیے سازگار قرار دیا گیا ہے۔  اس گراؤنڈ پر پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیموں کا اوسط اسکور 237 رنز ہے۔

موسم کی صورتحال

احمد آباد میں آج میچ کے دوارن موسم شدید گرم رہنے کی توقع ہے جبکہ درجہ حرات 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا اور ہوا میں نمی کا تناسب 37 فیصد ہو گا۔

پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال

آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں 41 میچز مکمل ہونے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر جنوبی افریقہ کی ٹیم 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسری جبکہ افغانستان کی ٹیم 08 پوائنٹس کے ساتھ 06 ویں پوزیشن پر ہے۔

افغانستان کی پلیئنگ الیون

رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، رحمت شاہ، حشمت اللہ شاہدی (کپتان)، عظمت اللہ عمرزئی، اکرام علی خیل (وکٹ کیپر)، محمد نبی، راشد خان، مجیب الرحمان، نور احمد، نوین الحق

جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون

کوئنٹن ڈی کوک (وکٹ کیپر)، ٹیمبا باووما (کپتان)، راسی وین ڈیر ڈوسن، ایڈن مارکرم، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، اینڈیل پھہلوکوایو، جیرالڈ کوٹزی، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا، لونگی نگیڈی

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp