دوسری شادی کیوں کی، عدالت کی شہری کو 9 سال قید اور 30 ہزار روپے کی سزا

پیر 11 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جوڈیشل مجسٹریٹ کراچی نے دوسری شادی کے مقدمے کو چند ماہ میں ہی منطقی انجام تک پہنچاتے ہوئے ملزم جوشوا کو مختلف دفعات کے تحت مجموعی طور پر 9 برس قید اور 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا ہے، جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید قید کاٹنا پڑے گی۔

کراچی کی شہری خاتون ایسٹر یونس مسیح کی جانب سے دائر مقدمہ کی سماعت ہوئی۔ 2023 میں درج اس مقدمہ میں خاتون نے مؤقف اپنایا تھا کہ ان کے شوہر جوشوا نے دوسری شادی کی ہے جو مسیحی مذہب میں قانوناً جرم ہے، کرسچن میرج ایکٹ کے مطابق مسیحی مرد دوسری شادی اس صورت کرسکتا ہے جب اس کی پہلی بیوی سے علیحدگی ہوچکی ہو یا انتقال ہو چکا ہو۔

مزید پڑھیں

وکیل مدعی خاتون سلیم مائیکل کے مطابق کرسچن میرج ایکٹ کے تحت شوہر نکاح پر نکاح نہیں کرسکتا۔ ملزم نے شادی شدہ ہوکر دوسری شادی کی جو غیر قانونی ہے۔ ملزم جوشوا کے خلاف ان کی پہلی بیوی نے محمود آباد تھانے میں مقدمہ درج کرایا تھا۔

ملزم جوشوا کو دفعہ 494 پی پی سی یعنی دوسری شادی کرنے کے جرم میں 3 سال قید اور 20000 روپے جرمانے کی سزا، دفعہ 468 پی پی سی یعنی دھوکا دہی کے جرم میں 3 سال قید اور 5 ہزار روپے جرمانے کی سزا جبکہ 471 پی پی سی یعنی دستاویزات میں رد وبدل کرنے کے جرم میں 3 برس قید اور مزید 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp