پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ الیکشن میں عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے۔ بلوچستان کے مسائل کوئی ایک جماعت یا شخصیت حل نہیں کر سکتی۔ اس وقت میثاق مفاہمت پورے ملک کی ضرورت ہے۔
“ہماری کوشش رہے گی کہ مفاہمت کے ساتھ بلوچستان میں سب کو ساتھ لے کر چلیں،اور پاکستان پیپلزپارٹی کے نظریے پر چلتے ہوئے بلوچستان کے عوام کی خدمت کریں اور ان کے مسائل کو حل کریں۔”
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری@BBhuttoZardari pic.twitter.com/qSZzAxHsv9
— PPP (@MediaCellPPP) March 2, 2024
بلوچستان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاکہ ہم مفاہمت کی سوچ کے ساتھ بلوچستان میں حکومت چلائیں گے۔ سرفراز بگٹی بطور وزیراعلیٰ اپنا پہلا دورہ گوادر کا کریں گے، جہاں بہت نقصان ہوا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہوگی کہ بلوچستان کے عوام کو مزید قربانیاں نہ دینا پڑیں، ہم نے ماضی میں بھی دہشتگردی کا مقابلہ کیا اور آئندہ بھی کریں گے۔
چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ لاپتا افراد کے معاملے پر ایوان کی کمیٹی بنائیں گے اور چاہیں گے کہ دوسری جماعتیں بھی ہمارے ساتھ شامل ہوں۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی سندھ اور بلوچستان کے مسائل سنبھال رہی ہے، آغاز حقوق بلوچستان پیکیج کا آغاز آصف زرداری نے کیا تھا۔ ہم کوئٹہ کی آواز اسلام آباد تک پہنچائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سنی اتحاد کونسل کا حق ہے کہ وہ کسی کو بھی صدارتی امیدوار بنائے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری آج بلوچستان پہنچے ہیں جہاں انہوں نے نومنتخب وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔