ملت ایکسپریس میں خاتون پر تشدد اور پھر موت کے معاملے پر ابتدائی انکوائری مکمل کرلی گئی جس کے بعد ریلوے حکام کو ارسال کی گئی ہے۔
انکوائری رپورٹ کے مطابق ٹرین کے عملے، کچھ مسافروں اور عینی شاہدین کے بیانات ریکارڈ کا حصہ بنائے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں
ابتدائی رپورٹ کے مطابق ایس ایچ او حیدر آباد اور اے ایس آئی غفلت کے مرتکب قرار پائے گئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خاتون کی موت ٹرین سے گرنے یا چھلانگ لگانے سے واقع ہوئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کانسٹیبل میر حسن خاتون پر تشدد کرنے کا ذمہ دار ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کانسٹیبل میر حسن کے خلاف 12 اپریل کو ایف آئی آر درج کی گئی تھی، لیکن ڈیوٹی آفیسر اے ایس آئی تنویر نے خاتون کا ہنگامہ دیکھ کر کارروائی نہ کی۔
انکوائری رپورٹ میں ایس ایچ او ریلوے پولیس غلام حسین کو ڈیوٹی میں سنگین کوتاہی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل چلتی ٹرین میں خاتون اور بچے پر پولیس اہلکار کے تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد تشدد کرنے والے اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا، بعد ازاں پولیس اہلکار کو ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔