پاکستان اور نائجر نے اقتصادی شعبے میں دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
مزید پڑھیں
تفصیلات کے مطابق، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سےان کے دورہ گیمبیا کے دوران نائجر کے وزیر خارجہ باکاری یاؤ سنگرے نے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کی یہ ملاقات گیمبیا کے شہر بنجول میں اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
دونوں وزرا نے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اور دو طرفہ خصوصاً اقتصادی میدان میں تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں فریقین نے او آئی سی کے فریم ورک کے اندر رابطہ کاری پر بھی تبادلہ خیال کیا اور او آئی سی کے اجتماعی مفاد کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر نائجر کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے مؤقف کے ساتھ یکجہتی کرتے ہوئے تنازعہ کشمیر پر نائجر کے مستقل مؤقف کا اعادہ کیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے نائجر کی جانب سے پاکستان کی حمایت اور جموں و کشمیر تنازعہ پر اس کے اصولی مؤقف کو سراہا۔