گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوابی میں شہید کیپٹن کرنل شیر خان کے مزار پر حاضری دی اور نشان حیدر حاصل کرنیوالے شہید کیپٹن سمیت تمام شہداء کے درجات بلندی اور ملکی استحکام و ترقی کی دعا کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات سے ملکی ساکھ کو نقصان پہنچا، آج کے دن ایک سال قبل ملک میں آگ لگا کر ملک دشمنوں کے مفادات پورے کیے گئے، پوری قوم ریاست اور عدالتوں سے 9 مئی کے شر پسند عناصر کو قرار واقعی سزا کی منتظر ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ اگر 9 مئی کے شرپسند ملک دشمن عناصر کو سزا نہ ملی تو کل کوئی اور گروہ ایسی مذموم سازش کے لیے نکل آئے گا، ایک سال قبل آج کے دن شہداء کے مجسموں اور یادگاروں کو جلا کر شہداء کے وارثین کے دل زخمی کیے گئے۔