اذلان شاہ ہاکی کپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آج کھیلا گیا میچ ایک ایک گول سے برابر ہوگیا۔
مزید پڑھیں
ملائیشیا کے شہر ایپو میں اذلان شاہ ہاکی کپ کے آخری راونڈ کا یہ میچ دلچسپ و سنسنی خیز تھا جس میں دونوں ٹیمیں میچ کے دوسرے کوارٹر تک کوئی گول نہ کرسکیں۔
میچ کے دوران نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 2 پنالٹی کارنر بھی ملے لیکن وہ ان سے فائدہ نہ اٹھا سکی۔ پاکستان ٹیم کو بھی گول کرنے کے کئی مواقع ملے لیکن وہ کوئی گول نہ کرسکی۔
میچ کا تیسرا کوراٹر شروع ہوا تو چھٹے ہی منٹ میں نیوزی لینڈ نے اپنا اور میچ کا پہلا گول کردیا لیکن آٹھویں منٹ میں پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی ابوبکر محمود نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔
تیسرے کواٹر میں پاکستانی ٹئم کو کئی اوپن چانس ملے لیکن نیوزی لینڈ کی دفاعی لائن نے تمام حملے ناکام بنا دئیے، جبکہ چوتھے کوارٹر میں بھی دونوں ٹیموں نے برتری حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن گول نہ کرسکیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کی ہاکی ٹیم نے کینیڈا کو ہرا کر 13 سال بعد سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ کے فائنل میں پہلے ہی رسائی حاصل کرلی تھی۔ پاکستان اذلان شاہ ہاکی کپ کے 2024 کے ایڈیشن میں اس وقت تک ناقابل شکست ہے۔
پاکستان اور جاپان کا فائنل میچ میں ٹاکرا ہوگا
پاکستان کی ہاکی ٹیم نے اپنا پہلا میچ میزبان ملائیشیا کے خلاف کھیلا جس میں قومی ٹیم نے میزبان ٹیم کے خلاف 4 کے مقابلے میں 5 گول اسکور کیے، دوسرے میچ میں جنوبی کوریا کو صفر کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دی، جاپان کے خلاف تیسرا میچ برابر رہا جب کہ کینیڈا کے خلاف چوتھے میچ میں قومی ٹیم نے 4 کے مقابلے میں 5 گول اسکور کر کے کامیابی حاصل کی۔
پاکستان پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہے، دوسری جانب جاپان نے بھی ملائیشیا کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے۔ اذلان شاہ کپ کا فائنل مقابلہ 11 مئی (ہفتہ) کو ہوگا جس میں پاکستان اور جاپان مدمقابل ہوں گے۔ پاکستان نے آخری مرتبہ 2003 میں اذلان شاہ ہاکی کپ کا فائنل کھیلا تھا۔