پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب میں عام انتخابات کے دوران عدالتی افسران کی تعیناتی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست کردی ہے ۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی جانب سے مبین الدین قاضی کی وساطت سے دائر کی گئی درخواست میں رجسٹرار ہائی کورٹ کو فریق بنایا گیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن اور کابینہ سیکرٹری کے ذریعے وفاق کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
پنجاب میں عام انتخابات کے عدالتی افسران کے ذریعے انعقاد کا معاملہ- چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے نام خصوصی خط کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے عدالت میں باضابطہ درخواست بھی دائر کردی- pic.twitter.com/Ich2f808vA
— PTI (@PTIofficial) March 21, 2023
اس موقع پر تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ از خود نوٹس کے فیصلے میں بنیادی احکامات دے چکی ہے اس لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے درخواست قانونی طور پر رد نہیں کی جاسکتی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عدالت رجسٹرار کو پنجاب میں عام انتخابات کے لیے عدالتی افسران کی نامزدگیوں کا حکم دے اور اگر اس میں بھی ناکامی ہوتی ہے تو عدالت خود آراوز،ڈی آر اوز مقرر کرے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل چیئرمین تحریک انصاف عمران خان چیف جسٹس سپریم کورٹ کو لکھے گئے خط میں بھی انتخابات کے لیے عدالتی افسران کی تعیناتی کامعاملہ اٹھا چکے ہیں۔