پانی کی قلت سے پریشان کراچی کے شہریوں کو پانی کی فراہمی میں مزید کمی کا سامنا کرنا ہوگا، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے مطابق آئندہ 4 روز تک شہر کو گھارو پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی سپلائی متاثر رہے گی۔
مزید پڑھیں
نیو پمپ ہاؤس گھارو میں واٹر کارپوریشن اور کے الیکٹرک کی جانب سے سالانہ ترقیاتی کام کے باعث کراچی کے شہریوں کو 13 ملین گیلن یومیہ پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے کراچی میں پانی کی قلت کے شکار شہریوں کو پانی کی فراہمی میں مزید کمی سے خبردار کرتے ہوئے پانی ذخیرہ کرنے اور استعمال میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔
ترجمان واٹرکارپوریشن کے مطابق کے الیکٹرک اور وارٹر کارپوریشن کے ترقیاتی کاموں کے باعث 16 سے 19 مئی تک نیو پمپ ہاؤس گھارو سے شہریوں کو پانی کی فراہمی معطل رہے گی جس سے شہر میں پانی کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے، شہری پانی کا ذخیرہ کرلیں اور احتیاط سےاستعمال کریں۔
ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق نیو پمپنگ ہاؤس گھارو میں واٹر کارپوریشن اور کے الیکٹرک کی جانب سے 16 مئی سے 19 مئی تک سالانہ ترقیاتی کام کی مد میں نیو پمپ ہاؤس گھارو میں نئے برقی آلات نصب کیے جائیں گے۔
’اس مجوزہ ترقیاتی کام کا دورانیہ مجموعی طور پر 72 گھنٹے ہو سکتا ہے جس کے باعث شہر کو یومیہ 13 ایم جی ڈی پانی کی کمی کا سامنا ہوگا۔‘
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ پانی ذخیرہ کرلیں اور کفایت شعاری سے استعمال کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچا جا سکے۔