مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال سب کے لیے باعث تشویش ہے، تاہم اب عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پنجاب میں ترقیاتی کام کیے گئے، اسی طرح آزاد کشمیر کو بھی ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔
مری میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ماضی میں آزاد کشمیر کی حکومتیں عوام کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکیں، اب عوام کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سڑکوں اور اسپتالوں کی تعمیر، روزگار کے مواقع، سیاحت کا فروغ اور طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ و اسکالرشپس سمیت کسان کارڈ جیسی سہولیات فراہم کی جانی چاہییں۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر میں موجودہ صورتحال تشویشناک ہے، ماضی کی حکومتوں نے ذمہ داری نہیں نبھائی، نواز شریف
میڈیا رپورٹ کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو مبارک باد دیتا ہوں، جبکہ کامیاب نہ ہونے والوں کو بھی شاباش دیتا ہوں۔ انہوں نے بعض شکایات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مخالفت کو دشمنی میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے اور آزاد کشمیر کا پرامن ماحول خراب کرنا کسی کے مفاد میں نہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ انہیں بعض مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی شکست پر افسوس ہے، شکست کی وجوہات کا جائزہ لینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے انتخابی عمل کے پہلے 2 مراحل میں مسلم لیگ (ن) کو اکثریت حاصل ہوچکی ہے اور پارٹی کارکنوں کو حوصلہ نہیں ہارنا چاہیے۔
سیٹ ہار سکتے ہیں، آپ نے حوصلہ نہیں ہارنا۔ میدان مار سکتے ہیں، میدان نہیں چھوڑنا ۔ پہلے دو مرحلوں میں عوام نے مسلم لیگ ن کو اکثریت دے کر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اب اس اعتماد کو خدمت میں بدلنا ہماری ذمہ داری ہے۔ شہباز شریف نے پنجاب کی ترقی کی بنیاد رکھی اور مریم نواز نے اسے آگے… pic.twitter.com/n2EuLpnDcj
— PMLN (@pmln_org) August 15, 2026
انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی مشکلات سے نکل رہا ہے اور شہباز شریف حکومت حالات بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ نواز شریف کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ پاکستان کو معاشی طور پر خودمختار بنایا جائے اور آئی ایم ایف سے نجات حاصل کی جائے۔ انہوں نے آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں کے لیے ہیلی کاپٹر کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف سے آزاد کشمیر حکومت کو ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔












