گرمیوں میں اپنی گاڑیوں کو کس طرح ٹھنڈا رکھا جائے؟

پیر 27 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ذرا تصور کریں کہ سخت گرمی میں دن بھر کام کے بعد آپ جلد از جلد گھر پہنچنا چاہتے ہیں تاکہ نہا دھو کر فریش ہوسکیں اور آرام سے بیٹھ کر ٹھنڈا مشروبات سے لطف اندوز ہوسکیں۔ یہی سوچتے ہوئے آپ دفتر یا اپنے کام کی جگہ سے نکلتے ہیں اور سخت گرمی برداشت کرتے ہوئے اپنی گاڑی تک پہنچتے ہیں۔

اپنے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے آپ جلدی سے گاڑی کا دروازہ کھولتے ہی ہیں کہ ایک ’قیامت خیز ہیٹ ویو‘ آپ کا سارا پلان برباد کردیتی ہے۔ اس لمحے جس مایوسی اور ناگواری کا سامنا ہوتا ہے، وہ وہی لوگ جانتے ہیں جو اکثر اس ’حادثے‘ کا شکار ہوتے ہیں۔

یقیناً کوئی بھی جان بوجھ کر اتنی شدید گرمی میں اپنی گاڑی دن بھر دھوپ میں کھڑی نہیں کرتا۔ بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ آپ چھاؤں میں اپنی گاڑی کھڑی کرتے ہیں مگر گرمیوں کا سورج چہل قدمی کرتے ہوئے عین گاڑی کے اوپر آکر مسکرانے لگتا ہے، ایسے میں گاڑی کا بھی گرمجوشی کا اظہار کرنا ایک قدرتی امر ہے۔

 دھوپ میں کھڑی گاڑی کا دروازہ کھول کر فوراً ہی اس میں سوار ہوجانا اور اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہوجانا ناممکن نہیں تو مشکل ضرور ہے۔ لیکن ہر مشکل کو کوئی نہ کوئی حل ضرور ہوتا ہے۔ آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ اگر آپ کو ایسی صورتحال کا سامنا ہو تو کیسے آپ اپنی گاڑی کو باآسانی ٹھنڈا کرسکتے ہیں۔

انٹیریر کو ہوا دیں

گاڑی کی کسی ایک سائیڈ کے دونوں دروازے کھولیں اور پھر دوسری سائیڈ پر جاکر کسی ایک دروازے کو آگے اور پیچھے کی جانب اس قوت سے ہلائیں کہ گاڑی میں موجود گرم ہوا باہر نکل جائے تاکہ گاڑی کا ماحول پہلے کی نسبت بہتر ہوسکے۔ یاد رکھیں، اگر گاڑی باہر کھڑی کریں تو اس کی سن روف کو بند کرنا نہ بھولیں۔

ایئرکنڈیشننگ آن کریں

اب آپ گاڑی کا انجن اسٹارٹ کریں اور ایئرکنڈیشننگ کو سرد ترین کی سیٹنگ پر لے آئیں۔ اگر آپ کی گاڑی میں ’ایکسٹرنل‘ ایئر سیٹنگ ہو تو ایئر سرکولیشن کے بجائے اسے منتخب کرنا زیادہ مفید ثابت ہوتا ہے۔  گاڑی کے باہر موجود ہوا گاڑی کے اندر کی ہوا کی نسبت ٹھنڈی ہوتی ہے، ایئر کنڈیشنر آن کرنے کے بعد تمام ونڈوز کھول دیں کیونکہ ایئرکنڈیشنر کو ٹھنڈی ہوا پھینکنے میں چند منٹس درکار ہوتے ہیں۔

لوئر ایئر وینٹس کا استعمال

ایئرکنڈیشنر کو تیز کرکے نیچے (پاؤں کی طرف) کے وینٹس اوپن کردیں تاکہ گرم ہوا اوپر چلی جائے۔ ایسا کرتے ہوئے ڈیش بورڈ اور ونڈ اسکرین کے نیچے والے وینٹس بند رکھیں تاکہ گاڑی سے نیچے موجود گرم ہوا اوپر آسکے۔

کھڑکیاں کھلی رکھیں

اب آپ گاڑی چلانا شروع کریں مگر گاڑی کی کھڑکیاں کھلی رہنے دیں تاکہ گاڑی میں موجود گرم ہوا باہر نکل سکے۔ کھڑکیاں اس وقت تک کھلی رکھیں جب تک آپ کو وینٹس سے ٹھنڈی ہوا کے جھونکے آنا محسوس نہیں ہوتے۔

کھڑکیاں بند کریں اور ری سرکولیٹڈ ایئر آن کریں

آپ کو گاڑی میں ایئرکنڈیشنز کی ہوا جب ٹھنڈی محسوس ہو تو آپ کھڑکیاں بند کردیں اور ری سرکولیٹڈ سوئچ آن کردیں۔ اب آپ اوپر والے وینٹس بھی کھول سکتے ہیں اور اپنے پلان کے مطابق ٹھنڈی ہوا کھاتے ہوئے اپنی منزل پر پہنچ سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp