یکم جون سے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں
میڈیا رپورٹس کے مطابق، یکم جون سے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے تک کمی ہوسکتی ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر تک کمی کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حتمی فیصلے تک پہنچنے میں آئندہ 2 دن اہم ہیں۔
اوگرا کی سمری 31 مئی کو آئے گی جس پر وزارت خزانہ وزیراعظم کی مشاورت سے حتمی فیصلہ کرے گی۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے 15 مئی کو بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کیا تھا۔ وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے 39 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 88 پیسے کی کمی کی گئی تھی۔
وفاقی وزارت خزانہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 7 روپے 54 پیسے کی کمی کی گئی تھی۔ قیمتوں میں کمی کے بعد پیٹرول 273 روپے 10 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 274 روپے 8 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی 161 روپے 17 پیسے کی قیمت پر فروخت شروع ہوگئی تھی۔