قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ڈائریکٹر محمد حفیظ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں وہ پاکستان کرکٹ ٹیم پر کڑی تنقید کرتے نظر آتے ہیں اور نظم و ضبط کی کمی کا انکشاف کرتے ہیں۔
محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ اُن کے دور میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران کچھ قومی کھلاڑی ڈریسنگ روم میں سو رہے تھے۔ ان کے اس بیان کی تصدیق امام الحق نے بھی کی۔
مزید پڑھیں
گزشتہ روز تابش ہاشمی نے اپنے شو ’ہارنا منع ہے‘ میں امام الحق، احمد شہزاد اور عمران نزیر کے سامنے محمد حفیظ کا بیان دہرایا اس پر امام الحق نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے دوران ڈریسنگ روم میں کچھ کھلاڑی سو ریے تھے مگر وہ ایک پریکٹس میچ تھا اور کھلاڑی صرف سستا رہے تھے۔
کیا کھلاڑی سچ میں ڈریسنگ روم میں سو رہے تھے؟
امام الحق نے محمد حفیظ کے بیان کی تصدیق کردی pic.twitter.com/UfLaPQid2U— Geo News Urdu (@geonews_urdu) June 20, 2024
امام الحق کا کہنا تھا کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا، اکثر ایسا ہوتا ہے کہ چائے کے وقفے کے دوران کچھ کھلاڑی 10 منٹ کی نیند لے لیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بھی اس وقت ڈریسنگ روم میں ہی موجود تھے مگر سونے والے کھلاڑیوں میں شامل نہیں تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ کے کہنے پر کھلاڑیوں نے پھر ایسا نہیں کیا تھا، سونے والے کھلاڑیوں پر 500 ڈالر کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا جس کے بعد یہ معاملہ ختم ہو گیا تھا۔ امام کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ کو یہ بات اس طرح سے سوشل میڈیا کے ذریعے سامنے نہیں لانی چاہیے تھی۔