وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف بورڈ پاکستان کو قرض کی فراہمی کے لیے اگست کے آخر میں اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دےگا۔
یہ بھی پڑھیں نیا آئی ایم ایف پروگرام پاکستان کے لیے فنڈنگ کے امکانات روشن بنائے گا، موڈیز
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہاکہ بیرونی فنانسنگ گیپ پر آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، تاہم اس کی بنیاد پر اسٹاف لیول معاہدے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ چین کی جانب سے مختلف فورمز پر ہماری مدد کی گئی ہے، چینی وزیر خزانہ سے ملاقات میں ان کا شکریہ ادا کروں گا۔
وزیر خزانہ نے کہاکہ وزیر توانائی اویس لغاری کے ساتھ آج رات دورہ چین پر روانہ ہورہا ہوں، وہاں حکام کے ساتھ توانائی کے شعبے میں اصلاحات پر گفت و شنید ہوگی۔