وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا ہے، پیٹرول 6 روپے 51پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل ہائی اسپیڈ ڈیزل 19 روپے 39 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرول شارٹ ہونے کی افواہ، راولپنڈی اسلام آباد کے پمپس پر گاڑیوں کی لمبی لائنیں
قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 399روپے 86پیسے مقرر کی گئی ہے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 399روپے 58پیسے ہوگئی ہے۔
اس سے قبل پیٹرول کی قیمت 393روپے 35پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 380روپے 19پیسے تھی۔
نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12بجے سے ہوجائے گا۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جنگ کے آغاز سے اب تک ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بلاتعطل برقرار رکھی گئی ہے اور مستقبل میں بھی ایندھن کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوام کو کسی قسم کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
عالمی مارکیٹ سے موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 124 ڈالر سے کم ہو کر 114 ڈالر فی بیرل پر آ گئی ہے۔ اسی طرح ڈبلیو ٹی آئی (WTI) کی قیمت بھی 110 ڈالر سے گر کر 104 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی ہے۔ قیمتوں میں اس کمی سے مقامی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کے استحکام کی امید پیدا ہوئی ہے، جس سے معاشی طور پر کمزور طبقے کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
اسلام آباد کے پیٹرول پمپس پر شہریوں کا جم غفیر، انتظامیہ کی اہم ہدایت
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پیٹرول کی فراہمی کے حوالے سے شہریوں میں بے چینی پھیل گئی ہے جس پر ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو اہم پیغام دیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے وضاحت کی کہ شہر کے تمام پیٹرول پمپس پر پیٹرول کا وافر اسٹاک موجود ہے اور پیٹرول کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں۔ انتظامیہ کے مطابق کل سے پیٹرول کی عدم فراہمی کے حوالے سے جو خبریں زیر گردش ہیں وہ محض افواہیں ہیں۔
ضلع انتظامیہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ اگر کوئی پیٹرول پمپ آپ کی ضرورت کے مطابق پیٹرول فراہم نہیں کرتا تو فوراً انتظامیہ کو آگاہ کیا جائے۔ شہریوں کو 24 گھنٹے دستیاب کنٹرول روم نمبر 051-9108084 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے تعین کے فارمولے میں تبدیلی، کیا اثرات ہوں گے؟
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پیٹرول کی قلت کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہوں پر دھیان نہ دیں اور ایسی افواہوں کو مسترد کریں۔
واضح رہے کہ پیٹرول پمپس پر جمعرات کو غیر معمولی ہجوم اس وجہ سے نہیں کہ لوگوں کو آئندہ دنوں میں ایندھن نہ ملنے کا خدشہ تھا بلکہ اصل وجہ یہ ہے کہ رات 12 بجے کے بعد پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان تھا.
پیٹرول پمپس پر طویل قطاروں میں موجود کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ وہ پیٹرول پمپ پر اس وجہ سے آئے ہیں کہ کل قیمت بہت زیادہ بڑھ گئی تو آج ان کی نسبتاً کچھ بچت ہوجائے گی۔












