ٹی وی و فلم اداکارہ کبریٰ خان سے ملاقات کی خواہش مند گھر چھوڑنے والی 13 سالہ لڑکی کراچی سے بحفاظت بازیاب ہوئی جس پر کبریٰ خان نے موقف اپنایا کہ میں اپنے فینز کی بے حد مشکور ہوں کہ وہ مجھ سے محبت کرتے ہیں، لیکن ان کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ان کی حفاظت زیادہ اہم چیز ہے۔ لندن سے جب بھی پاکستان آؤں گی اپنی اس 13 سالہ فین سے ضرور ملاقات کروں گی، لیکن میری درخواست ہے کہ اپنی حفاظت کو یقینی بنائیں۔
اداکارہ کبریٰ خان نے سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر اسٹوری میں لکھا کہ میرے پاس الفاظ نہیں، میں کس طرح اپنے فینز کا شکریہ ادا کروں، لوگ اتنی محبت کرتے ہیں جس کو بیان نہیں کیا جاسکتا، لیکن لوگوں کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ان کی حفاظت سب سے اہم چیز ہے۔
مزید پڑھیں: اداکارہ کبریٰ خان کی لاپتا لاہوری فین کراچی سے بازیاب
کبریٰ خان نے لکھا کہ دنیا بہت زیادہ خوفزدہ کرنے والی چیز ہے، کبھی نہیں چاہوں گی کہ کوئی میری وجہ سے خود کو خطرے میں ڈالے۔ میری دعا ہے کہ چھوٹی بچی جو میرے لیے گھر سے نکل آئی وہ اپنے خاندان کے ساتھ محفوظ اور صحت مند رہے۔
’میں اس وقت لندن میں ہوں جب بھی پاکستان واپس آؤں گی لاہور میں ضرور ملاقات کرنے جاؤں گی، تب تک یہی التجا ہے کہ گھر پر رہیں اور محفوظ رہیں‘۔
گزشتہ روز ٹی وی اداکارہ کبریٰ خان سے ملاقات کی خواہش میں گھر چھوڑنے والی 13 سالہ لڑکی کو لاہور پولیس نے کراچی سے بحفاظت بازیاب کرایا تھا۔ 13 سالہ لائبہ عمران معروف ٹی وی اداکارہ کبریٰ خان کی فین ہے، جو گھر میں کسی کو بتائے بغیر 3 لاکھ روپے لے کر کراچی چلی گئی تھی، جسے لاہور پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ہیومن انٹیلیجنس سمیت جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے بازیاب کرالیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: مہوش حیات اور کبریٰ خان کے خلاف سوشل میڈیا مہم چلانے کا کیس، ڈپٹی ڈائریکٹر سائبر کرائم طلب
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری کے نوٹس پربروقت کارروائی کرتے ہوئے انچارج انویسٹی گیشن فیصل ٹاؤن محمد ولید نے پولیس ٹیم کے ہمراہ لائبہ عمران کو 72گھنٹوں میں کراچی سےبازیاب کرایا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری نے اپنے دفتر میں بچی کو والدین کے سپرد کردیا ہے۔