بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 17 رکنی پاکستان اسکواڈ کا اعلان

بدھ 7 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی قومی سلیکشن کمیٹی نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 17 رکنی پاکستان اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔

بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے شان مسعود کو کپتان اور سعود شکیل کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ کامران غلام، محمد علی اور محمد ہریرہ کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کے خواہشمند

بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 21 سے 25 اگست تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کا دوسرا میچ کراچی میں 30 اگست سے 3 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔

پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کا ٹریننگ کیمپ 11 اگست سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اور اسسٹنٹ کوچ اظہرمحمود کیمپ کی نگرانی کریں  گے۔

سعود شکیل بنگلہ دیش اے کے خلاف پہلے 4 روزہ میچ میں بھی پاکستان شاہینز کی قیادت بھی کریں گے۔ سابق آسٹریلوی کرکٹر جیسن گلیسپی کی پاکستان کے ریڈبال ہیڈ کوچ کی حیثیت سے یہ پہلی ٹیسٹ سیریز ہوگی۔ بنگلہ دیش کی ٹیسٹ ٹیم 17 اگست کی صبح اسلام آباد پہنچے گی اور توقع ہے کہ وہ اسی روز دوپہر کو ٹریننگ کا آغاز کرے گی۔

 ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان اسکواڈ

شان مسعود (کپتان) ، سعود شکیل ( نائب کپتان)، عامر جمال ( فٹنس سے مشروط)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، کامران غلام، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد رضوان ( وکٹ کیپر)، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) اور شاہین شاہ آفریدی۔

پاکستان ٹیم کو 21 اگست 2024ء سے 5 اپریل 2025ء تک 9 ٹیسٹ میچز، 14 ٹی20 اور کم ازکم 17 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے ہیں۔

شاہین آفریدی کی جگہ سعود شکیل کو نائب کپتان کیوں بنایا گیا؟

سعود شکیل کو شاہین شاہ آفریدی کی جگہ نائب کپتان بنایا گیا ہے۔ شاہین آفریدی رواں برس دورہ آسٹریلیا کے دوران نائب کپتان تھے۔ یہ فیصلہ  انتہائی مصروف سیزن میں شاہین آفریدی کے ورک لوڈ کو سنبھالنے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

کامران غلام، محمد علی اور محمد ہریرہ کو ٹیم میں کیوں شامل کیا گیا؟

ٹیسٹ اسکواڈ کے اعلان کردہ 17 میں سے 13  کھلاڑی پاکستان ٹیم کے گزشتہ دورہ آسٹریلیا میں شامل تھے۔ محمد ہریرہ، کامران غلام اور محمد علی کو ڈومیسٹک کرکٹ اور پاکستان شاہینز کی طرف سے عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کی 13 ماہ بعد ریڈ بال کرکٹ میں واپسی ہورہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: محسن نقوی کرکٹ ٹیم کی تشکیل نو کریں، وزیراعظم بھی سفارش کرے تو نہ مانیں: شہباز شریف

کامران غلام نے پچھلے سیزن میں 11 فرسٹ کلاس میچوں میں 1025 رنز بنائے تھے جبکہ ڈارون میں انہوں نے بنگلہ دیش اے کے خلاف 4 روزہ میچ میں سینچری اسکور کی تھی۔ وہ 2023ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں اسکواڈ کا حصہ تھے لیکن نہیں کھیل پائے تھے۔

فاسٹ بولر محمد علی نے انگلینڈ کے خلاف 2022ء کی سیریز کے 2 ٹیسٹ کھیلے تھے۔ انہوں نے گزشتہ سیزن میں 47 فرسٹ کلاس وکٹیں حاصل کیں جبکہ ڈارون میں انہوں نے بنگلہ دیش اے کے خلاف 4 روزہ میچ کی دوسری اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کیں۔

محمد ہریرہ بھی گزشتہ کچھ عرصہ سے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے آرہے ہیں۔ پچھلے سیزن میں ان کے رنز کی تعداد 961  تھی۔ اس کے علاوہ انہوں نے بنگلہ دیش اے کے خلاف پہلے 4 روزہ میچ میں ڈبل سینچری بھی اسکور کی ہے۔ وہ گزشتہ سال سری لنکا کے دورے میں اسکواڈ میں شامل تھے تاہم وہ کسی ٹیسٹ میچ میں نہیں کھیل سکے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش اے کیخلاف 4 روزہ میچ میں قومی ٹیم کے کونسے سینیئر کھلاڑی پاکستان شاہینز کا حصہ ہوں گے؟

دیگر سینیئر کھلاڑیوں کو ٹیم میں کیوں شامل نہ کیا گیا؟

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آسٹریلیا کے دورے میں شامل امام الحق، فہیم اشرف، حسن علی ( انجرڈ)، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر (انجرڈ )، نعمان علی اور ساجد خان اسکواڈ میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔ قومی سلیکشن کمیٹی نے بنگلہ دیش اے کے خلاف پہلے 4 روزہ میچ کے لیے پاکستان شاہینز کے اسکواڈ کا بھی اعلان کردیا ہے۔

پاکستان شاہینز اسکواڈ

سعود شکیل (کپتان)، کامران غلام، مہران ممتاز، میر حمزہ، محمد علی، محمد رمیز جونیئر، محمد ہریرہ، نسیم شاہ، سعد بیگ (وکٹ کیپر)، سعد خان، صائم ایوب، ثمین گل، سرفراز احمد (وکٹ کیپر ) اور عمر امین۔

پلیئر اسپورٹ اسٹاف: عمر گل (ہیڈ کوچ/ منیجر)، غلام علی (بیٹنگ کوچ) ، فہد مسعود (فیلڈنگ کوچ)، ڈاکٹر امتیاز خان (فزیو تھراپسٹ)، فیصل رائے ( اینالسٹ)، یاسر ملک (ٹرینر)، شفقت شبیر (میڈیا اینڈ ڈیجیٹل مینیجر) اور ملنگ علی (میسیور)۔

یہ بھی پڑھیں: سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے پاکستان کرکٹ بورڈ میں عہدہ سنبھالنے سے معذرت کیوں کی؟

 پہلے 4 روزہ میچ کی تیاری کے لیے پاکستان شاہینز بدھ کے روز سے اسلام آباد کلب میں ہیڈ کوچ عمر گل کی نگرانی میں ٹریننگ سیشن کا آغاز کرے گی۔ جیسن گلیسپی اور اظہر محمود کے 11 اگست کو قومی کیمپ میں شامل ہوکر کیمپ میں عمرگل کی معاونت کریں گے۔

بنگلہ دیش کے خلاف  پہلے 4 روزہ میچ کے بعد پاکستان شاہینز میں شامل 8 کھلاڑی متوقع طور پر ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہوجائیں گے جبکہ سلیکٹرز بنگلہ دیش اے کے خلاف بقیہ میچوں کے لیے پاکستان شاہینز اسکواڈ  کا اعلان کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اس وقت بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے رابطے میں ہے اور توقع ہے کہ پاکستان شاہینز اور بنگلہ دیش اے کی سیریز کے نظرثانی شدہ شیڈول کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp