92.97 میٹر کی تھرو، ’یہ فٹبال گراؤنڈ سے بھی زیادہ فاصلہ ہے‘

جمعہ 9 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیرس میں جاری اولپمکس گیمز میں پاکستان کے ارشد ندیم نے جیولین تھرو مقابلوں میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ ساز کامیابی حاصل کی ہے۔ ارشد ندیم پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے اولمپکس مقابلوں میں انفرادی طور پر گولڈ میڈل جیتا ہے۔

ارشد ندیم کی پیرس اولمپکس میں شاندار کامیابی پر پاکستانی سیاسی رہنماؤں، کھلاڑیوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ماں کی دعائیں رنگ لے آئیں، ارشد ندیم گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب

پاکستان کے سابق کرکٹر اور کمنٹیٹیٹر رمیز راجہ نے بھی ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کی، تاہم انہوں نے اپنے مبارکباد کے پیغام میں لوگوں سے ایک حیرت انگیز معلومات بھی شیئر کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں رمیز راجہ نے کہا، ’ جیولین تھرو مقابلوں میں اولمپک ریکارڈ بنانے والے ارشد ندیم کی تھرو کتنی طویل تھی، اس بارے میں بتانا چاہتا ہوں تاکہ آپ کو اس کا اندازہ ہوسکے۔‘

یہ بھی پڑھیں: نئے اولمپک ریکارڈ کیساتھ ارشد ندیم گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیاب، پاکستان میں جشن کا سماں

رمیز راجہ نے کہا کہ ایک فٹبال گراؤنڈ کی لمبائی 91.4 میٹر ہوتی ہے جبکہ کہ ارشد ندیم نے 92.97 میٹر کی تھرو پھینکی۔ رمیز راجہ کی شیئر کی گئی معلومات کے مطابق ارشد ندیم نے فٹبال گراؤنڈ کی لمبائی سے 1.57 میٹر زیادہ لمبی تھرو پھینکی۔

واضح رہے کہ ارشد ندیم کی اولمپکس میں کامیابی منفرد بھی ہے اور تاریخی بھی۔ پیرس اولمپکس میں جمعرات کو ہونے والے جیولین تھرو کے فائنل مقابلے میں ارشد ندیم نے 92.97 میٹر کی متاثر کن تھرو پھینک کر نہ صرف پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا بلکہ اولمپکس کی 118 سالہ تاریخ کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔

ارشد ندیم نے فائنل کے دوسرے مرحلے کے آخری راؤنڈ میں 91.79 میٹر لمبی تھرو پھینک کر اپنی کامیابی پر مہر ثبت کی۔ پاکستان کے ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جب کہ بھارت کے نیرج چوپڑا نے چاندی کا اور گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp