پنجاب حکومت نے موسمیاتی تبدیلی ایکشن پلان کو حتمی شکل دے دی

ہفتہ 10 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے اسموگ کے خاتمے، ماحولیاتی تبدیلیوں کے عزم کے تحت پنجاب کے پہلے گرینڈ کلائیمٹ چینج پالیسی اینڈ ایکشن پلان 2024 کو حتمی شکل دے دی گئی جسے منظوری کے لیے صوبائی کابینہ میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: موسمیاتی تبدیلیاں کس طرح غریب کسانوں کے چولہے بجھا رہی ہیں؟

سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی صدارت میں اجلاس نے ماحولیاتی تحفظ پالیسی اور ایکشن پلان کابینہ میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔

پنجاب کے سیکریٹری انوائرمنٹ اینڈ کلائیمٹ چینج راجہ جہانگیر انورنے مجوزہ مسودہ اجلاس میں پیش کیا اور تفصیلی بریفنگ دی۔

سینیئر وزیر نے ہدایت کی کہ پنجاب کلائیمٹ چینج پالیسی اینڈ ایکشن پلان تماما سٹیک ہولڈرز کو بھجوایا جائے۔

اجلاس میں پلانٹ فار پاکستان مہم کو تیز، متاثرہ سیکٹرز میں گرین انویسٹمنٹ کرنے، تعلیمی نصاب میں کلائمیٹ چینج ایجوکیشن شامل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

بارش کا پانی ذخیرہ کر کے سرکاری عمارتوں میں استعمال میں لانے کی تجویزدی گئی اور مختلف اضلاع میں تجرباتی پروگرام شروع کرنے پر غور کیا گیا۔

مزید پڑھیے: موسمیاتی تبدیلیوں اور عالمی حدت میں اضافہ، ماہرین کیا کہتے ہیں؟

پانی کے معیارکا تجزیہ کرنے کے لیے واٹر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم قائم، زیر زمین پانی کو کنٹرول کرنے کیلئے قوانین متعارف کرانے کی بھی تجویز پر غور کیا گیا جبکہ اجلاس میں پانی کی بچت کے لیے آبپاشی میں جدید طریقے متعارف کرانے کی تجویزاور پوٹھو ہار اورروہی کے علاقوں میں چھوٹے ڈیم بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں جنوبی پنجاب کو قحط سے بچانے کے خصوصی مینجمنٹ پلان شروع کرنے کی تجویز کا بھی تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ مزید برآں چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو ماحول دوست بلاسود قرضے دینے کی بھی تجویزپیش کی گئی۔

ایکشن پلان کا مقصد

سیکریٹری ماحولیات نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اقدام کا مقصد کلائیمٹ چینج کے مقابلے کی بہتر صلاحیت پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی درجہ حرارت اور گرمی کی شدت بڑھا رہی ہے اور اس کا نتیجہ سیلاب، قحط اور جنگلات میں آگ لگنے جیسے واقعات کی شکل میں سامنے آرہا ہے۔

پنجاب میں مضر صحت گیسز کا اخراج کتنا؟

اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں ہر سال تقریبا ً95 ہزار کلو ٹن گرین ہاؤس گیسز اور 7ہزار 17کلو ٹن مضر صحت گیسز کا اخراج ہورہا ہے۔

لاہور، راولپنڈی، میانوالی، ڈی جی خان، فیصل آباد، سیالکوٹ، سرگودھا، بہاولنگر، بہاولپور اور ملتان ہائی ٹمپریچر ہاٹ اسپاٹ برقرارہیں۔

مزید پڑھیں: موسمیاتی تبدیلیاں اور ہماری ذمہ داریاں

سینیئر وزیرمریم اورنگزیب نے کہا کہ موسم کی تبدیلی انسانی زندگی اورموت کا معاملہ ہے، موسم کی تباہی زندگی کی تباہی بن رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا وژن انسانوں اور جانداروں کی جان بچانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان اقدامات کے علاوہ عوام کے ہر طبقے کو احساس دلانا ہوگا کہ درخت لگانا، ماحول کو زہروں سے پاک کرنا کیوں ضروری ہے۔

سیکریٹری انوئرمنٹ اینڈ کلائیمٹ چینج راجہ جہانگیرانور، اربن یونٹ کے سی ای او عمر مسعود، ماہرین ماحولیات اور دیگر حکام اجلاس میں موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp