تحریک انصاف کے ایم کیو ایم کے ساتھ رابطے بحال ؟ پرویز الٰہی کا اہم بیان سامنے آ گیا

اتوار 2 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ہمارے ایم کیو ایم سمیت پرانے اتحادیوں سے رابطے بحال ہوچکے ہیں ۔ متحدہ قومی موومنٹ کو پی ڈی ایم کے ساتھ اتحاد کا سیاسی طور پر بہت نقصان ہوا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے اندر ایک سوچ موجود ہے کہ ہمیں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ساتھ مزید چلنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت اور جی ڈی اے میں بھی حکومت کی آئین اور ملک دشمن پالیسیوں پرشدید تحفظات پائے جاتے ہیں۔عمران خان بہت جلد ہم خیال جماعتوں کا اجلاس بلا کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔

واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو ہدایات جاری کی تھیں کہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے کیے جائیں جس کے بعد شاہ محمود قریشی نے ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات کی تھی جبکہ اسد عمر اور اعجاز چوہدری جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سے ملے تھے۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے سیاسی شخصیات کو اس بات پر قائل کیا جارہا ہے کہ ملک میں فوری انتخابات کے لیے متفقہ لائحہ عمل طے کرنے کے لیے تحریک انصاف کے بیانیے کی حمایت کی جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp