اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر آج اسلام آباد میں ترنول کے مقام پر ہونے والا جلسہ ملتوی کردیا ہے۔ پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما اعظم سواتی نے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان کے ہمراہ جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کا کہنا ہے کہ انہوں نے آج اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں مذہبی جماعت کے احتجاج سے متعلق آگاہ کیا، جس پر بانی پی ٹی آئی نے ہدایت کی کسی بھی انتشار سے بچنے کے لیے آج ہونے والا جلسہ ملتوی کردیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں تحریک انصاف کو کل اسلام آباد میں جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اب پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں جلسہ 8 ستمبر کو ہوگا جس کے بارے میں پہلے سے نوٹیفائی ہوچکا ہے۔
اسلام آباد کی انتظامیہ نے بھی پی ٹی آئی کو 8 ستمبر کو جلسہ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی 8 ستمبر کو اسلام آباد میں عوامی اجتماع منعقد کرسکتی ہے۔ جلسے کے لیے 40 نکاتی شرائط سے بھی پی ٹی آئی کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
قبل ازیں، جلسے کے پیش نظر اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ریڈ زون کو سیل جبکہ اسلام آباد کے سرکاری و نجی اسکولوں میں آج (22 اگست) تعطیل کا اعلان کردیا تھا۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے صورتحال کے تناظر میں طلبہ کی حفاظت کے پیش نظر اسکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا۔
پی ٹی آئی کے آج ہونے والے جلسے اور مظاہرے کی وجہ سے میٹرو بس اسٹیشنوں پر سیکیورٹی میں اضافے اور میٹرو بس سروس کو آج معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
ریڈ زون سیل۔۔ اسلام آباد کے سرکاری و نجی سکولوں میں آج 22 اگست کو تعطیل کا اعلان
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے صورتحال کے تناظر میں سکولز بند رکھنے کا فیصلہ کیامزید پڑھیں
بچوں کی حفاظت کے پیش نظر سکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے— Ministry of Interior GoP (@MOIofficialGoP) August 21, 2024
آج نکلنا ہوگا، عمران خان کا آڈیو پیغام جاری
پی ٹی آئی آفیشل ’ایکس‘ اکاؤنٹ سے آج علی الصبح ایک آڈیو پیغام جاری کیا گیا تھا جس میں عمران خان کو یہ کہتے سنا جاسکتا ہے، ’آج ہمارا جلسہ ہورہا ہے جس میں شرکت کے لیے جس جس نے پلان بنایا ہوا ہے وہ مقررہ وقت سے پہلے نکلے، کیونکہ راستے بند ہوں گے، آج آپ کو ہر صورت نکلنا ہوگا، کیونکہ یہ تحریک انصاف یا عمران خان کی جنگ نہیں ہے بلکہ یہ پاکستان کے روشن مستقبل کی جنگ ہے، آج ہم ایک تاریخ بنانے جارہے ہیں۔‘
آج نکلنا ہو گا، کیونکہ یہ تحریک انصاف یا عمران خان کی جنگ نہیں ہے بلکہ یہ پاکستان کے روشن مستقبل کی جنگ ہے!
اسلام آباد جلسہ
🗓 بروز جمعرات، 22 اگست
📍ترنول چوک، پشاور روڈ#جلسہ_تو_ہوگا#چلو_چلو_ترنول_چلو pic.twitter.com/P4AYUzavsS— PTI (@PTIofficial) August 22, 2024
قانون ہاتھ میں لینے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی، محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امن و امان کا جائزہ لینے سے متعلق رات گئے منعقد ہونے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی کو ریڈ زون میں آنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ امن عامہ برقرار رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا ہر ایک کا حق ہے، احتجاج مناسب جگہ پر ہونا چاہیے، احتجاج سے عوام کے روز مرہ کے معمولات میں خلل نہیں پڑنا چاہیے، عوام کے جان و مال کا تحفظ پہلی ذمہ داری ہے، جس کے لیے قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جائے گا اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔
ترجمان ایجوکیشن بورڈ ارسلان چیمہ کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں میٹرک ضمنی امتحانات جاری ہیں، میٹرک ضمنی امتحانات کے راولپنڈی میں صرف 6 امتحانی مراکز ہیں، میٹرک کے پرچے شیڈول کے مطابق ہوں گے، آج جمعرات 22 اگست کو ہونے والا پرچہ بھی شیڈول کے مطابق ہوگا۔
پی ٹی آئی جلسے کے پیش نظر پنجاب حکومت کی جانب سے بھی صوبے بھر میں دفعہ 144 بھی نافذ کی گئی تھی۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں 22 سے 24 اگست تک دفعہ 144 نافذ رہے گی۔ دفعہ 144 کے تحت پنجاب بھر میں ہر قسم کے سیاسی و عمومی اجتماع پر پابندی عائد ہوگی۔ امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے دفعہ 144 نافذ کی گئی۔ پابندی کا اطلاق دہشتگردی کے خطرات کے پیش نظر کیا گیا۔
مزید پڑھیں: کل اسلام آباد جلسہ ہر صورت ہوگا، بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈاپور کا اعلان
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ پنجاب بھر میں انتظامیہ حکم نامے پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ اس کے ساتھ ساتھ عوامی آگاہی کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 22 اگست کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا تھا مگر ضلعی انتظامیہ نے اس کی اجازت نہیں دی تھی جس پر پارٹی نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ وہ ہر صورت اسلام آباد میں جلسہ کرے گی۔
عدالتی احکامات کی روشنی میں جلسہ ضرور کریں گے، بیرسٹر گوہر
قبل ازیں، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ ہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں ضرور جلسہ کریں گے جو پُرامن ہوگا۔
اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے جلسے کا این او سی منسوخ کرنے پر اپنے ردعمل میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اسلام آباد جلسے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سمیت دیگر مرکزی قیادت شریک ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اگر عدالت نے احکامات جاری کیے ہیں تو پھر انتظامیہ کی جانب سے این او سی منسوخ نہیں کیا جاسکتا، ہم ریڈ زون سے 30 کلومیٹر کے فاصلے پر جلسہ کررہے ہیں اور دھرنے کا کوئی پروگرام نہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے چیف کمشنر کو بروقت جلسہ شروع کرکے بروقت ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، اس کے باوجود جلسے کا این او سی منسوخ کرنا غیرآئینی اور غیرقانونی اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذہبی جماعت نے ڈی چوک میں صبح 8 بجے احتجاج کی کال دی ہے، جبکہ ہمارا جلسہ شام 5 بجے شیڈول ہے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد میں پی ٹی آئی کا جلسہ: کرین تیار، علی امین گنڈا پور خود قافلوں کو لیڈ کریں گے
خیبرپختونخوا کے قافلے کو میں خود لیڈ کروں گا، علی امین گنڈاپور
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جمعرات کو اسلام آباد میں ہر صورت جلسہ ہوگا، خیبر پختونخوا کا قافلہ 3 بجے صوابی سے روانہ ہوگا، جس کی قیادت وہ خود کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کن مرحلہ ہے، فیصلہ ہوجائے گا کہ اس قوم کی طرف سے کون عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے، حق کے لیے کھڑا ہے، اپنے آئین کے لیے کھڑا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں صوابی سے قافلے کی قیادت خود کروں گا، ہم ڈنکے کی چوٹ پر یہ جلسہ کر کے دکھائیں گے۔
اسلام آباد جلسہ ہوکر رہے گا، دفعہ 144 کے ٹکڑے کرکے دفعہ 804 لگائیں گے، عامر مغل
پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر عامر مغل نے کہا کہ عمران خان کو جیل میں قتل کرنے کی سازش ہورہی ہے، اسلام آباد میں پی ٹی آئی کا جلسہ ہوکر رہے گا، کارکنان تمام رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے ترنول پہنچیں۔
انہوں نے کہا کہ فارم 47 کی جعلی حکومت سے چھٹکارے کا وقت آچکا، اگر مجھے شہید بھی کردیا جائے تو میری وصیت ہے کہ میرے جنازے کو وہیں رکھ کر جلسہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں کل اسلام آباد جلسہ ہر صورت ہوگا، بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈاپور کا اعلان
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص آپ کو توڑ پھوڑ کرتا نظر آئے تو اس کا تعلق پی ٹی آئی سے نہیں ہوگا اس کو گرفتار کریں۔
عامر مغل نے کہا کہ انتظامیہ نے اسلام آباد میں دفعہ 144 لگائی ہے، ہم اس کے ٹکڑے کرکے دارالحکومت میں دفعہ 804 لگائیں گے۔