وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے وفاقی حکومت کے ہاتھ پاؤں باندھے ہوئے ہیں۔ پچھلی حکومت کے آئی ایم ایف پروگرام کی وجہ سے مہنگائی کی لہریں آ رہی ہیں، نواز شریف کی قیادت میں 2014 سے 2018 تک پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن تھا، عمران خان نے پاکستان کو معاشی دلدل میں پھنسا دیا،انہوں نے سخت ترین شرائط پر آئی ایم ایف پروگرام پر دستخط کئے، پھر خود خلاف ورزی کرکے اس پروگرام کو معطل کر دیا،عمران خان نے آئی ایم ایف پروگرام ناکام بنانے کی سازش کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ملک کو مشکل حالات سے نکالا، اب بھی حالات گھمبیر ہیں لیکن ہماری نیت صاف ہے، ان شاءاللہ حالات بہتر ہوں گے، وقت آئے گا حالات بدل جائیں گے، یہ میرا ایمان ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے وفاقی حکومت کے ہاتھ پاؤں باندھے ہوئے ہیں، آئی ایم ایف کی پیشگی شرائط مان لی گئی ہیں، پچھلی حکومت کے آئی ایم ایف پروگرام کی وجہ سے مہنگائی کی لہریں آ رہی ہیں، آئی ایم ایف کی آخری شرط پر بات چیت جاری ہے، برادر ممالک پاکستان کی بڑی مدد کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 10 کروڑ غریب خاندانوں کو مفت آٹا فراہم کرنے کا آغاز کیا، پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں غریبوں کو رمضان میں مفت آٹا فراہم کر رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں 2014 سے 2018 تک پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن تھا، عمران خان نے پاکستان کو معاشی دلدل میں پھنسا دیا، دوست ممالک کے خلاف سابق حکمرانوں نے بدزبانی کی، چین کے منصوبوں پر سنگین الزامات لگائے گئے۔
’ عمران اور حواریوں نے کہاکہ چین کے منصوبوں میں 45 فیصد کرپشن ہوئی، چین نے 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی اور اسی مددگار دوست پر بھونڈے الزامات لگائے گئے‘۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے مطابق ملک کو سیلاب کی تباہ کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑا،100 ارب روپے صرف وفاق کی طرف سے سیلاب متاثرین کو دئیے گئے ہیں۔
اسرائیل کے ساتھ پاکستان کے تجارت شروع کرنے سے متعلق افواہوں پر وزیراعظم شہباز شریف کہتے ہیں کہ اسرائیل کے ساتھ تجارت شروع کرنے کا جھوٹ پھیلایا جا رہا ہے جو قابل مذمت ہے، ایک انفرادی شخص کا حکومت پاکستان کی پالیسی سے کیا تعلق ؟ فلسطینیوں کو حق ملنے تک پاکستان اپنے اصولی موقف پر کاربند رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سخت ترین شرائط پر آئی ایم ایف پروگرام پر دستخط کئے، پھر خود خلاف ورزی کرکے اس پروگرام کو معطل کر دیا، عمران خان نے آئی ایم ایف پروگرام کو ناکام بنانے کی سازش کی، عمران خان کے وزیر رنگے ہاتھوں سازش کرتے پکڑے گئے۔
شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ عمران خان دور میں ججوں کو دھمکیاں ملیں، ریفرنس دائر ہوئے، ہم نے ریاست بچانے کے لیے اپنی سیاست قربان کر دی، پاکستان کو ضعف پہنچے تو ہم سب نقصان میں ہیں، پاکستان بچ گیا تو سب خیر ہے، ان شاءاللہ وقت بدلے گا، نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) ملک کو مسائل سے نکالیں گے۔