چین کی وزارت خارجہ نے پاکستان کے صوبے بلوچستان میں ہونے والی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین پاکستان کے ساتھ انسداد دہشتگردی و سیکیورٹی تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے تیار ہے۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہاکہ ہم نے بلوچستان میں ہونے والی دہشتگردی پر رپورٹس کو دیکھا اور نوٹ کیا، دہشتگرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہم انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں میں پیشرفت کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں بلوچستان میں دہشتگردانہ کارروائیاں: ایران اور ترکیہ کی مذمت
ترجمان نے کہاکہ چین ان دہشتگرد حملوں میں جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتا ہے، اور ہر قسم کی دہشتگردی کے خلاف مضبوط کھڑا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم سماجی یکجہتی و استحکام کو برقرار رکھنے اور لوگوں کے تحفظ کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کے ساتھ خطے میں امن و سلامتی کے مشترکہ تحفظ کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کی گئی دہشتگردانہ کارروائیوں میں 39 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں بلوچستان میں دہشتگردانہ حملوں پر بھارتی میڈیا کا مذموم پروپیگنڈا اور انتہائی شرم ناک کردار
بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل کے علاقے راڑہ شم میں مسلح افراد نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 23 مسافروں کو بسوں سے اتار کر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ جبکہ دیگر افراد مختلف حملوں میں مارے گئے۔