بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دہشتگردوں کی لیویز تھانے پر قبضے کی کوشش کو ناکام بنادیا گیا۔
لیویز حکام کے مطابق مستونگ کے علاقے بدرنگ میں مسلح افراد نے لیویز تھانے پر قبضے کی کوشش کی، اور تھانے کے اطراف میں فائرنگ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں بلوچستان، سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 21 دہشتگرد ہلاک، 14 جوان شہید
لیویز حکام نے بتایا کہ لیویز اور سیکیورٹی فورسز نے فوراً جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں حملہ آور فرار ہوگئے، جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
لیویز حکام کے مطابق علاقے اور قومی شاہراہ پر سیکیورٹی بڑھا دی گئی، جبکہ ٹریفک بحال ہے، حملے کے دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کی گئی دہشتگردانہ کارروائیوں میں 39 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل کے علاقے راڑہ شم میں مسلح افراد نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 23 مسافروں کو بسوں سے اتار کر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ جبکہ دیگر افراد مختلف حملوں میں مارے گئے۔
یہ بھی پڑھیں بلوچستان میں دہشتگردانہ حملے: سیکیورٹی فورسز کا مؤثر جواب، 12 دہشتگرد ہلاک
دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 21 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا تھا، جبکہ اس دوران 14 جوان بھی شہید ہوئے۔