کراچی سمیت سندھ بھر میں گزشتہ چند روز سے موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ تاہم شہر میں گزشتہ رات سے جاری شدید بارش نے وکلا کو ’چھٹی‘ منانے پر مجبور کردیا ہے۔
کراچی بار ایسوسی ایشن نے ضلعی ججز کو ایک خط لکھا ہے کہ شہر میں تیز بارش کے باعث مختلف علاقوں سے وکلا عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے، لہٰذا وکلا کی غیرموجودگی کے باعث کسی بھی فریق کے خلاف کوئی حتمی فیصلہ نہ دیا جائے۔ کراچی بار نے ضلعی ججز سے ماتحت عدالتوں کو بھی ہدایت جاری کرنے کی استدعا کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی اور حیدر آباد میں آج بارش کے باعث تمام اسکول بند رہیں گے
واضح رہے کہ سندھ بھر کے مختلف اضلاع میں گزشتہ روز سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہے، جس کے باعث کراچی میں آج تمام سرکاری اور نجی اسکول بند کردیے گئے ہیں، حیدر آباد میں بھی تمام تعلیمی اداروں کو چھٹی دے دی گئی ہے، گزشتہ روز بھی حیدرآباد میں تعلیمی ادارے بند تھے۔
اس حوالے سے کمشنر کراچی نے حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں اور طوفان کے الرٹ کے بعد یہ فیصلہ محکمہ موسمیات، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ دوسری جانب، حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث ضلعی انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کردیا ہے اور اسپتالوں میں ڈاکٹرز کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔