پاکستان اور روس نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دونوں ممالک باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بناتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف سے روسی نائب وزیراعظم کی ملاقات، سیکیورٹی اور دفاعی تعاون کو فروغ دینے کا اعادہ
جمعرات کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے روسی فیڈریشن کے نائب وزیر اعظم الیکسی اوورچوک نے ملاقات کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نائب وزیراعظم اوورچک اور ان کے وفد کا وزیراعظم ہاؤس میں خیرمقدم کیا۔
روسی نائب وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ روس کے ساتھ مضبوط تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کی اہم ترجیحات میں سے ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ تجارتی، اقتصادی، توانائی، مواصلات اور سیکیورٹی تعاون کو وسعت دینے کا خواہشمند ہے۔
یہ بھی پڑھیے: روسی صدر پیوٹن کی قرآن مجید کو بوسہ دینے اور دل کے ساتھ لگائے رکھنے کی ویڈیو وائرل
انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ ماہ اسلام آباد میں روسی وزیر اعظم مشسٹن کے استقبال کے منتظر ہیں۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اس سال جولائی کے اوائل میں ان کی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ انتہائی نتیجہ خیز بات چیت ہوئی تھی۔
انہوں نے دوطرفہ تعاون میں مزید توسیع پر بات چیت کے لیے اعلی سطحی وفد بھیجنے پر صدر پیوٹن کا شکریہ ادا کیا۔
روسی نائب وزیراعظم اوورچک نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے روس کے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے پاکستان اور روس کے تعلقات کو تعمیری اور باہمی طور پر مفید قرار دیا۔ فریقین نے باقاعدہ رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان روس کے ساتھ توانائی اور بارٹر تجارت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کا خواہاں
وزیراعظم اور روسی نائب وزیراعظم نے روس اور پاکستان کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔
اس مفاہمتی یادداشت کے تحت مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، آئی ٹی، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی اور تعلیم میں تعاون کو فروغ ملے گا۔