اسٹاک ایکسچینج میں بلند ترین سطح، حکومت کی معاشی پالیسیوں پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے، شہباز شریف

جمعہ 25 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اہم سنگ میل حاصل کرنے اور نفسیاتی حد عبور کرنے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت میں استحکام کے آثار نظر آرہے ہیں۔

جمعہ کو اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں تاریخی سنگ میل عبور کرنے پر قوم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کے ایس ای 100 انڈیکس 90 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:26ویں آئینی ترمیم کے مثبت اثرات، پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا نیا ریکارڈ قائم

انہوں نے اس اہم کامیابی کو اپنی کابینہ کی معاشی ٹیم کی انتھک کوششوں سے منسوب کیا اور کہا کہ یہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مارچ سے اسٹاک مارکیٹ میں 36 فیصد اضافے اور افراط زر کو 38 فیصد سے کم کرکے 6.9 فیصد کرنے پر معاشی ٹیم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے حالیہ معاشی استحکام پر روشنی ڈالتے ہوئے ترسیلات زر میں اضافے اور گزشتہ 2 ماہ کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ میں سرپلس کی بھی نشاندہی کی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سہ ماہی کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئیں ترسیلات زر ریکارڈ 8.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جس سے ادائیگیوں کے توازن میں مدد ملی اور مالی استحکام کو تقویت ملی۔

مزید پڑھیں:26ویں آئینی ترمیم کے مثبت اثرات، پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا نیا ریکارڈ قائم

وزیراعظم نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے 7 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج کو پاکستان کی معیشت کے استحکام کا نمایاں عنصر قرار دیتے ہوئے عوام کو یقین دلایا کہ یہ اشاریے ماضی میں درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی نمائندگی کرتے ہیں۔

انہوں نے متعدد محاذوں پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اور آنے والے دنوں میں معیشت کے شعبے میں مزید مثبت پیش رفت کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ ’مثبت معاشی اشاریوں نے فوری ڈیفالٹ کے بیانیے کو ختم کر دیا ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی انتظامیہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے پرعزم ہے اور یہ پیش رفت ان کی حکومت کی مالی ذمہ داری اور سرمایہ کاروں کے اعتماد پر توجہ کا ثبوت ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمعہ کو بھی زبردست کاروباری سلسلہ جاری رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس ٹریڈنگ کے دوران پہلی بار90 ہزار پوائنٹس کے ساتھ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بھی معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

 یہ بھی پڑھیں:اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان برقرار؛ 100 انڈیکس بلند ترین سطح پر

انڈیکس 90,593.61 کی ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گیا جس کے بعد یہ 1,047.98 پوائنٹس یا 1.18 فیصد کے متاثر کن اضافے کے ساتھ 89,993.97 پر بند ہوا۔

سرمایہ کاروں کی دلچسپی خاص طور پر آٹوموبائل، کمرشل بینکنگ، کھاد اور تیل و گیس جیسے اہم شعبوں میں مضبوط رہی، او جی ڈی سی، پی پی ایل، ایس ایس جی سی، این بی پی اور ایم ای بی ایل جیسے نمایاں حصص نے مثبت رفتار میں نمایاں کردار ادا کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp