ایئرپورٹس پر مسافروں کو آف لوڈ کرنے کا معاملہ، لاہور ہائیکورٹ نے بڑا حکم جاری کردیا

جمعرات 18 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائی کورٹ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور دیگر متعلقہ حکام کو سختی سے یاد دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی شخص کو سفر سے روکنے یا فلائٹ سے آف لوڈ کرنے کی صورت میں اسی وقت تحریری وجوہات فراہم کرنا آئینی اور قانونی تقاضا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی ضیا باجوہ نے یہ ریمارکس ملتان بینچ میں سماعت کے بعد جاری کیے گئے تحریری حکم میں دیے۔ بدھ کے روز عدالت نے شہری شہریار قندیل کی درخواست کی سماعت کی تھی، جس میں انہوں نے وزارت خارجہ اور دیگر اداروں کے خلاف مؤقف اختیار کیا تھا کہ انہیں مکمل اور درست سفری دستاویزات کے باوجود فلائٹ سے آف لوڈ کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے رواں برس 51 ہزار پاکستانی مسافروں کو مختلف وجوہات پر آف لوڈ کیا گیا، ڈی جی ایف آئی اے

جسٹس علی ضیاء باجوہ نے کہا کہ عدالت ایف آئی اے اور تمام متعلقہ حکام کو یہ یاد دلانا ضروری سمجھتی ہے کہ کسی بھی ایسے اختیار کا استعمال جو کسی فرد کے بنیادی حقوق کو متاثر کرے، اس کی واضح اور غیر مبہم قانونی بنیاد ہونی چاہیے۔

جسٹس باجوہ نے واضح کیا کہ کوئی بھی انتظامی صوابدید، خواہ کتنی ہی وسیع کیوں نہ ہو، شہریوں کی آزادی کو محدود کرنے کا جواز فراہم نہیں کر سکتی، جب تک کہ وہ کسی واضح قانونی شق یا قانونی اختیار سے ثابت نہ ہو۔

عدالت نے قرار دیا کہ قانون کی حکمرانی کا تقاضا ہے کہ کسی شخص کو آزادانہ نقل و حرکت یا ملک چھوڑنے کے حق سے محروم نہ کیا جائے، خصوصاً اس صورت میں جب اس کے پاس درست سفری دستاویزات موجود ہوں، الا یہ کہ یہ اقدام قانون، ضابطے اور منصفانہ طریقہ کار کے مطابق ہو۔

یہ بھی پڑھیے: محسن نقوی اور خواجہ آصف کا لاہور ایئرپورٹ کا دورہ، سہولتوں پر عدم اطمینان کا اظہار

عدالتی حکم میں مزید کہا گیا کہ دورانِ سماعت قانون افسران اور ایف آئی اے حکام نے ایک بار پھر مزید مہلت طلب کی تاکہ وہ یہ واضح کر سکیں کہ کون سی مخصوص قانونی شق یا قاعدہ انہیں آخری لمحے پر مسافروں کو روکنے یا آف لوڈ کرنے کا اختیار دیتا ہے۔

جسٹس باجوہ نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ قانون افسران کے مطابق درخواست گزار کو آف لوڈ کرنے کی کوئی تحریری وجہ ریکارڈ پر موجود نہیں۔ عدالت نے ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ اگلی سماعت سے قبل درخواست گزار کو اس کے آف لوڈ کیے جانے کی تحریری وجوہات فراہم کی جائیں۔

یہ بھی پڑھیے: آف لوڈنگ سے بچنے کے لیے مسافر کن چیزوں کا خیال رکھیں؟

عدالت نے واضح کیا کہ تحریری وجوہات فراہم کرنا محض ایک رسمی کارروائی نہیں بلکہ شفافیت، جوابدہی اور متاثرہ فرد کے حقِ داد رسی کو یقینی بنانے کے لیے ایک بنیادی حفاظتی اقدام ہے۔ تحریری وجوہات فراہم نہ کرنا نہ صرف فطری انصاف اور قانونی تقاضوں کی خلاف ورزی ہے بلکہ آئین میں دیے گئے آزادیٔ نقل و حرکت کے حق کی بھی نفی ہے۔

عدالت نے کیس کی سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی ہے، جہاں قانون افسران سے توقع کی گئی ہے کہ وہ ایسے مخصوص قانونی نکات اور دفعات سے عدالت کی معاونت کریں گے جو شہریوں پر سفری پابندیاں عائد کرنے کی اجازت دیتی ہوں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی سربراہ کاجا کالاس اسٹریٹجک مذاکرات کے لیے یکم جون کو اسلام آباد پہنچیں گی

یو ایف او فائلز جاری ہونے کے بعد نئی بحث: حقیقت، راز یا محض غلط فہمیاں؟

اگر مختلف چیٹ بوٹس کو انسانوں پر حکومت سونپی جائے تو کیا ہوگا؟ دلچسپ نتائج، گروک نے تباہی مچا دی

ٹیکنالوجی کی دنیا میں ہلچل: اوپن اے آئی کا آئی فون کو ٹکر دینے کے لیے اسمارٹ فون لانے کا فیصلہ

کراچی: ڈکیتی ناکام ہونے پر مبینہ ڈاکو نے خود کا خاتمہ کرلیا، معاملہ شرمندگی کا یا کچھ اور؟

ویڈیو

عرفات منہاس ون ڈے ڈیبیو میں 5 وکٹیں لینے والے پاکستان کے پہلے بولر بن گئے

امریکا کے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے حقیقی دوستی والے تعلقات ہیں، امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ

فلسطینی ریاست کے قیام تک اسرائیل سے تعلقات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اسحاق ڈار کا دوٹوک اعلان

کالم / تجزیہ

اچکزئی صاحب کا مسئلہ کیا ہے؟

بڑے شہر نگل جاتے ہیں

عید الاضحی ، بھارتی مسلمان اور ہندو شاؤنزم