اداکار و ہدایت کار دانش نواز کا کہنا ہے کہ کامیڈی سے کیریئر کا آغاز کیا تو لوگوں کو لگا کہ صرف کامیڈی ہی آتی ہے اس لیے ہدایتکاری کی جانب آئے اور وہاں بھی محنت سے نام کمایا۔
دانش نواز حال ہی میں پروگرام ’مذاق رات‘ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شوبز کیریئر سے قبل ہی ان کے والد انتقال کر گئے تھے اور یاسر نواز سے انہوں نے بہت کچھ سیکھا، اور ڈرامہ سیریل ’نادانیاں‘ میں زندگی کا بہترین کردار بھی ادا کیا۔
ایک سوال کے جواب میں دانش نواز کا کہنا تھا کہ پیسہ کمانا بہت ضروری ہے اور اس حد تک پیسہ کمانا چاہیے کہ انسان ضرورت پوری کر سکے اور جب بچہ کسی چیز کی فرمائش کرے تو وہ انہیں دلا سکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس حد تک پیسہ کمانا چاہیے کہ اس کی وجہ سے آپ کے رشتے نہ ٹوٹیں۔ اپنے تو پیسے کے بغیر ہی محبت دیتے ہیں لیکن غیر کو تو صرف پیسے ہی چاہیں اس لیے تربیت پر منحصر ہے کہ اس کی وجہ سے رشتے ٹوٹیں گے یا نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:’دوسری شادی نہ کرانے پر بیوی کو جیل بھیجا جائے‘، اداکار یاسر نواز نے یہ مطالبہ کیوں کیا؟
یکطرفہ محبت کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ضرور کرنی چاہیے اس میں کسی سے امید نہیں ہوتی اور کرنی بھی نہیں چاہیے۔ ان کا کہنا تھا انہوں نے ایک ہی شخص سے سو مرتبہ یکطرفہ محبت کی ہے۔