بیرسٹر سیف نے قاسم سوری کو جھوٹا قرار دے دیا

اتوار 1 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کو جھوٹا قرار دے دیا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ قاسم سوری کا یہ دعویٰ بالکل غلط ہے کہ عمران خان کو اڈیالہ جیل سے نکال کر جی ایچ کیو منتقل کردیا گیا ہے، پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات نے بھی اس کی تردید کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں عمران خان کے حوالے سے کوئی خبر نہیں، بہن علیمہ خان کا اظہار تشویش

سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان کو اڈیالہ جیل سے جی ایچ کیو شفٹ کردیا گیا ہے، اور انہیں ایسی کوئی زیرہلی چیز دی گئی ہے جس سے ان کا ذہنی توازن بگڑ سکتا ہے، جبکہ ان کے کمرے میں بھی کوئی زہریلا اسپرے کیا گیا ہے جس سے ان کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔

بیرسٹر سیف نے کہاکہ عمران خان نے ہمیں سنگجانی میں احتجاج کرنے کی ہدایت کی تھی، تاہم اس وقت جو فیصلہ ہوا وہ حالات کے مطابق تھا۔

مشیر اطلاعات نے کہاکہ مراد سعید اگر اسلام آباد احتجاج میں شامل تھے تو حکومت ان کو گرفتار کروا لیتی، عطااللہ تارڑ کے بیان کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان نے کہا تھا کہ ان حالات میں ڈی چوک جانا مناسب نہیں، پوری دنیا نے دیکھا کہ کس طرح ڈی چوک میں لوگوں پر گولیاں برسائی گئیں۔

مشیر اطلاعات نے کہاکہ حکومت کا یہ دعویٰ بے بنیاد ہے کہ مظاہرین اسلحہ سے لیس تھے اور انہوں نے فائرنگ کی، اگر ایسا ہے تو بتایا جائے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے جسموں میں کہاں گولیاں موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں عمران خان نے کہا تھا پی ٹی آئی میں موروثیت نہیں ہوگی، علی محمد خان کی مبینہ آڈیو لیک

انہوں نے کہاکہ مراد سعید کے بارے میں کوئی علم نہیں، میرے خیال میں وہ اسلام آباد احتجاج میں موجود نہیں تھے۔ حکومت کو شوق ہے تو وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں معلوم کرلے کہ مراد سعید یہاں موجود ہیں یا نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp