وزیراعظم پاکستان شہباز شریف ورلڈ گورنمنٹس سمٹ میں شرکت کے لیے کل متحدہ عرب امارات (یو اے ای) جائیں گے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم 10 فروری کو 2 روزہ دورے پر یو اے ای جائیں گے، جہاں وہ دبئی میں ورلڈ گورنمنٹس سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور دیگر حکام بھی موجود ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں یو اے ای کے تعاون کے بغیر آئی ایم ایف پروگرام ممکن نہیں تھا، وزیراعظم شہباز شریف
ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم سمٹ میں شرکت کے دوران خطاب بھی کریں گے، جس میں وہ پاکستان کی معیشت، ڈیجیٹل ترقی اور حکومتی اصلاحات پر اظہار خیال کریں گے۔ سمٹ میں عالمی رہنما، پالیسی ساز اور ماہرین شریک ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم دورے کے موقع پر یو اے ای کی قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے، جبکہ عالمی رہنماؤں اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے سی ای اوز سے بھی ملاقات ہوگی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم پاکستان کے دورہ سے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان شراکت داری مزید مستحکم ہوگی۔ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان معیشت، تجارت سمیت مختلف شعبوں میں قریبی تعاون ہے۔
یہ بھی پڑھیں شہباز شریف اور یو اے ای صدر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ
ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعظم کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ کے عزم کا اظہار ہے، پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات باہمی اعتماد، بھائی چارے اور تعاون پر مبنی ہیں۔













