جماعت اسلامی کے وفد نے وفاقی وزرا علی پرویز ملک، اعظم نذیر تارڑ اور بلال اظہر کیانی سے ملاقات کی، جس میں انہیں پیٹرولیم سیکٹر، ایندھن کی فراہمی اور حکومت کے فیول ریلیف اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
جماعت اسلامی کے وفد کی قیادت لیاقت بلوچ نے کی۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہاکہ حکومت نے حالیہ بحران کے دوران ملک بھر میں ایندھن کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی۔
مزید پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتیں، ملک میں ’اسمارٹ لاک ڈاؤن‘ کی تجویز زیر غور
جماعت اسلامی کے وفد نے حکومت کی جانب سے کیے گئے فیول ریلیف اقدامات کا خیرمقدم کیا، تاہم لیاقت بلوچ نے پیٹرولیم لیوی میں کمی سمیت بنیادی مسائل کے مستقل حل پر زور دیا۔
ملاقات میں وفد کو 7 روزہ رولنگ ایوریج پر مبنی پیٹرولیم قیمتوں کے نظام کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہاکہ حکومت صارفین کے تحفظ اور ایندھن کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے جامع اقدامات کررہی ہے۔ موٹر سائیکلوں، چنگچی رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی دی جا رہی ہے، جو مستحق طبقات تک ریلیف پہنچانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن سے یورو فائیو ایندھن کی پیداوار کے ساتھ پیٹرول اور ڈیزل کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔ جبکہ درآمدی ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات پر انحصار کم ہوگا۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ عوام کو ریلیف کی فراہمی وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے۔
وفاقی وزیر بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت ٹیکس بیس بڑھانے اور براہ راست ٹیکسوں کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
ملاقات میں وفاقی وزرا نے جماعت اسلامی کی سفارشات وزیراعظم تک پہنچانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
جماعت اسلامی نے حکومتی اعلامیہ مسترد کردیا، پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کا مطالبہ
دوسری جانب جماعت اسلامی کے مذاکراتی وفد کے سربراہ اور نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے حکومتی اعلامیے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے پیٹرول ریلیف پیکج کو مکمل طور پر مسترد کردیا ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہاکہ حکومتی اعلامیے میں پیٹرول ریلیف اقدامات کے خیر مقدم کا تاثر بالکل غلط اور بے بنیاد ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ریلیف کسی صورت پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کا متبادل نہیں بن سکتا۔
نائب امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مذاکراتی کمیٹی میں بھی جماعت اسلامی نے واضح کردیا تھا کہ مصنوعی اقدامات کسی صورت قبول نہیں کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق حکومت کے نمائشی اقدامات سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
مزید پڑھیں: مقامی وسائل کے استعمال سے بجلی سستی، اگست میں 10 ارب روپے کی بچت ہوئی، اویس لغاری
لیاقت بلوچ نے کہاکہ حکمران میڈیا پر جھوٹ پھیلا کر عوامی دباؤ کو موڑنا چاہتے ہیں، تاہم جماعت اسلامی اپنے مؤقف پر قائم ہے۔
انہوں نے حکومت کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہاکہ پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ کیا جائے، بصورت دیگر اسلام آباد مارچ ہوگا۔











