ایف آئی اے کرائم سرکل کوہاٹ کی ٹیم کی جانب سے قبائلی ضلع باجوڑ کی تحصیل سالارزئی میں متعدد چھاپے مار کارروائی میں 2 اہم انسانی اسمگلروں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے، جو 4 شہریوں کے قتل کی وارداتوں میں ملوث تھے۔
ڈپٹی ڈائیریکٹر ایف آئی اے کوہاٹ امجد علی، ایس ایچ او ریاض نیازی، ایس آئی واحد انور اور اے ایس آئی احتشام خان پر مشتمل ایف آئی اے کی 4 رکنی ٹیم نے پاک افغان بارڈر کے قریب تحصیل سالارزئی میں چھاپے مار کر 2 انسانی اسمگلر گرفتار کرلیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لیبیا کشتی حادثہ: 63 مسافر پاکستانی تھے، 16 لاشیں برآمد، وزارت خارجہ
ترجمان ایف آئی اے کےمطابق گرفتار ہونیوالے ملزم حبیب الرحمان نے حالیہ لیبیا کشتی کے واقعے میں جان کی بازی ہارنے والے کرم کے رہائشی سید شہزاد حسین سے 37 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔
گرفتار انسانی اسمگلر سے حاصل کردہ معلومات کی بنیاد پر ایف آئی اے کی ٹیم نے ایک اور چھاپہ پاشست بازار باجوڑ میں مارا، جہاں سے ایک اور انسانی اسمگلر نوید احمد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: یونان کشتی حادثات: 65 ایف آئی اے افسران بلیک لسٹ، انسانی اسمگلرز کے خلاف کارروائی کا حکم
گرفتار ملزم نے لیبیا اور اٹلی میں کام کرنیوالے 2 انسانی اسمگلروں واجد علی اور شاہ فیصل کی جانب سے مختلف متاثرین سے رقم وصول کرنے کا انکشاف کیا، جس کی روشنی میں پاک افغان سرحد کے قریب باجوڑ میں واجد علی اور شاہ فیصل کے گھر پر تیسرا چھاپہ مارا گیا۔
’تاہم معلوم ہوا کہ وہ اٹلی میں ہیں جس کی ٹریول ہسٹری سے بھی تصدیق کی گئی، چھاپوں کے دوران برآمد ہونیوالے 4 موبائل فون میں مجرمانہ شواہد بھی ملے ہیں، جن میں لیبیا کی کشتی کے واقعے سے متعلق ویڈیوز، تصاویر، وائس چیٹس اور بینک ٹرانزیکشنز شامل ہیں۔‘
مزید پڑھیں: کشتی حادثات میں ملوث ملزمان کیخلاف کریک ڈاؤن، 144 گرفتار
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اس ضمن میں ایف آئی آر درج کرنے کے بعد تفتیش کا دائرہ کار بڑھادیا گیا ہے، ایف آئی اے کوہاٹ کی جانب سے 3 بینک اکاؤنٹس بھی منجمد کیے گئے ہیں۔