پاکستان تحریک انصاف اور حکومتی اتحاد کے مابین عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے پہلا دور مکمل ہوگیا اور اگلی ملاقات جمعہ کو 3 بچے طے کی گئی ہے۔
اجلاس کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر سیّد یوسف رضا گیلانی اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کے دوران دونوں وفود کی ملاقات کا مختصر احوال بتایا۔ دونوں رہنماؤں نے یہ بھی بتایا کہ کہ حکومتی اتحاد اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیموں کی بات چیت کا اگلا دور جمعہ کو 3 بجے ہوگا۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ دونوں وفود میں اچھے ماحول میں گفتگو ہوئی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومتی اتحاد کا تو کئی مطالبہ نہیں ہے اور جہاں تک پی ٹی آئی کے مطالبات کا تعلق ہے تو وہ ان کی طرف سے جمعہ کو ہونے والے اجلاس میں سامنے رکھے جائیں گے جن سے اتحادی ٹیم اپنی جماعتوں کو آگاہ کردے گی۔
اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ہمیں آئین کی حدود میں رہتے ہوئے اور ریاست و عوام کے مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے ان معاملات کو دیکھنا ہے۔